پاکستان میں سورج گرہن ختم
شیئر کریں
پاکستان سمیت ایشیا، آسٹریلیا، یورپ، افریقہ، بحرِ ہند اور بحر الکاہل میں رواں برس کا تیسرا اور آخری سورج گرہن دیکھا گیا۔پاکستان میں سورج گرہن کا آغاز کراچی سے 7 بج کر 34 منٹ پر ہوا، 8 بج کر 46 منٹ پر سورج گرہن عروج پر تھا جبکہ 8 بج کر 48 منٹ پر یہ سورج گرہن کم ہونا شروع ہوا جو 10 بج کر 10 منٹ پر ختم ہو گیا۔کراچی میں سورج گرہن زیادہ سے زیادہ 80 فیصد رہا، جس کا مشاہدہ کرنے کے لیے کراچی یونیورسٹی میں انتظامات کیے گئے تھے ، جامعہ کراچی کے آبزرویٹری ڈپارٹمنٹ میں اساتذہ اور طلباء نے سورج گرہن کا براہِ راست مشاہدہ کیا۔اس سال سورج گرہن کو رِنگ آف فائر کا نام دیا گیا ہے ۔ خیال رہے کہ پاکستان میں آخری سورج گرہن 1999 میں دیکھا گیا تھا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ گرہن لگنے کے دوران سورج کا براہ راست نظارہ نہ کیا جائے ، سورج گرہن کو حفاظتی چشمہ لگا کر دیکھا جا سکتا ہے ۔سورج گرہن کے موقع پر کراچی، کوئٹہ، پشاور، اسلام آباد میں مختلف مقامات پر نماز کسوف ادا کی گئی، نماز کسوف کے بعد ملک کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ علمائے کرام کہتے ہیں کہ سورج گرہن اللہ کی نشانیوں میں سے ایک ہے ، ان لمحات میں نماز کسوف ادا کی جائے ۔ اس سورج گرہن کو گزشتہ دس سال کا سب سے طاقت ور ترین قرار دیا جا رہا ہے ۔