آئی سی سی کی تازہ ترین عالمی درجہ بندی میں ٹاپ پوزیشن پر حکمرانی برقرار
شیئر کریں
پاکستان کی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی تازہ ترین عالمی درجہ بندی میں ٹاپ پوزیشن پر حکمرانی برقرار ہے۔ بلے بازوں میں بابر اعظم، باؤلرز میں راشد خان اور آل راؤنڈرز میں گلین میکسویل پہلے نمبرپر آگئے۔ بھارتی ا سپنر کلدیپ یادیو اور آسٹریلیا کے ایڈم زمپا 20 اور 17 درجے ترقی کے ساتھ ٹاپ فائیو باؤلرز میں شامل ہو گئے۔ گزشتہ روز آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین ٹی ٹونٹی رینکنگ کے تحت پاکستانی ٹیم 138 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہے ٗ بھارتی ٹیم کی ریٹنگ میں ایک پوائنٹس کی کمی ہوئی تاہم اس کے باوجود اس کا دوسرا نمبر برقرار ہے، آسٹریلوی ٹیم بھارت کے خلاف سیریز برابر کھیل کر ایک درجہ تنزلی کے بعد چوتھے نمبر پر چلی گئی اور اس کی جگہ انگلینڈ نے تیسری پوزیشن سنبھال لی، جنوبی افریقن ٹیم پانچویں نمبر پر ہے، بلے بازوں میں بابر اعظم سرفہرست ہیں، ایرون فنچ ایک درجہ تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر چلے گئے، ان کی جگہ کولن منرو نے دوسری پوزیشن سنبھال لی، فخر زمان ایک سیڑھی چڑھ کر چوتھے نمبر پر آ گئے، میکسویل بھی ایک درجہ بہتری پا کر پانچویں نمبر پر پہنچ گئے، روہت شرما 2 درجے تنزلی کے بعد نویں نمبر پر چلے گئے، کوہلی کا 14واں نمبر برقرار ہے، باؤلرز میں راشد خان سرفہرست ہیں اور شاداب خان کا دوسرا نمبر برقرار ہے، بھارتی ا سپنر کلدیپ یادیو 20 اور آسٹریلوی ا سپنر ایڈم زمپا 17 درجے لمبی چھلانگ لگا کر بالترتیت تیسرے اور پانچویں نمبر پر آ گئے، اینڈریو ٹائی 8 درجے تنزلی کے بعد ٹاپ ٹین سے باہر ہو گئے، وہ 18ویں نمبر پر ہیں۔