سندھ بلڈنگ، ریحان الائچی کی رشوت خور ڈیمالیشن ٹیم بے نقاب
شیئر کریں
( رپورٹ :نجم انوار) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں ایک وکیل نے ہنگامہ کھڑا کر دیا، رشوت لینے والے ریحان الائچی کی ڈیمالیشن ٹیم بے نقاب ہو گئی، جرأت کی خبروں کی سچائی ثابت ہو گئی۔ ڈائریکٹر جنرل اسحاق کھوڑو نے انکوائری کا حکم دے دیا۔ باخبر ذرائع کے مطابق بلڈرز اور بھتہ مافیا کی غیر قانونی تعمیرات کے گڑھ ڈسٹرکٹ سینٹرل سے آنے والے ایک سائل وکیل نے بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی پہنچ کر شور مچایا اور ہنگامہ کھڑا کرتے ہوئے شکایت کی ۔ڈسٹرکٹ سینٹرل کے افسران ڈرا دھمکا کر لاکھوں روپے رشوت لے کر آئے ہیں جس پر ڈی جی اسحاق کھوڑو نے برہمی کا اظہارِ کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ سینٹرل کے ڈائریکٹر ظہیر استا دکو ان کے عہدے سے بٹانے کا حکم دیا تو سینئر افسران نے ڈی جی کو سمجھایا کہ پہلے الزامات کا جائزہ لے لیں کہ رشوت کون لایا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ تھوڑی ہی دیر میں یہ بات کھل کر سامنے آ گئی کہ رشوت کی رقم ڈپٹی ڈائریکٹر ڈیمالیشن ریحان خان عرف ریحان الائچی کی ٹیم لائی ہے جس پر ڈائریکٹر ڈسٹرکٹ سینٹرل ظہیر استاد کے خلاف کارروائی روک دی گئی اور ڈی جی اسحق کھوڑو نے اس سارے معاملے کی انکوائری کا حکم دے دیا۔ اس حوالے سے بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ریحان کی رشوت خوری بے نقاب ہونے پر جرأت کی خبروں کی سچائی ثابت ہوگئی ہے اور یہ بات بھی ثابت ہوگئی ہے کہ ریحان الائچی واقعی ڈی جی اسحاق کھوڑو کی آستین کا سانپ ہے ،کیونکہ یہ ڈی جی کے ساتھ وہی کھیل کھیل رہا ہے جو اس سے قبل اسحاق کھوڑو کے ساتھ سابق کرپٹ سسٹم کے سرغنہ شہزاد آرائیں نے کھیلا تھا اور پھر اسحاق کھوڑو کو عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔