میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
وزیراعظم کی توابھی سے کانپیں ٹانگ رہی ہیں،عمران خان

وزیراعظم کی توابھی سے کانپیں ٹانگ رہی ہیں،عمران خان

ویب ڈیسک
بدھ, ۲۶ اکتوبر ۲۰۲۲

شیئر کریں

پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میں جس لانگ مارچ کے لیے نکل رہا ہوں وہ مارچ نہیں انقلاب ہے۔ شہباز شریف، رانا ثنا اللہ تیار ہو جائو، تمہارے ہینڈلرز بھی دیکھیں گے سب سے بڑا عوامی سمندر اسلام آباد پہنچے گا۔ ملک میں موجود سہولت کاروں اور ہینڈلرز کی مدد سے امریکا نے ہم پر چوروں کو مسلط کیا، اگر قوم نے اس ظلم ور ناانصافی کے سامنے سر جھکایا تو سامنے صرف موت ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے تنظیمی عہدیداران کی حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یوتھ ونگ کو تب مانوں گا جب 28 اکتوبر کو کارکردگی دکھائیں گے، جمعہ کو لانگ مارچ شروع ہو رہا ہے، ملک کے حقیقی آزادی جہاد کے لیے نکلوں گا، جومیرے ساتھ آخرتک کھڑا رہے گا اسے سلام پیش کروں گا، نئے اور پرانے کارکن سب اکٹھے ہو جائیں، سب کو ساتھ ملائیں یہ کرسی اور سیاست کی جنگ نہیں، بیرونی سازش کے تحت چوروں کو ہم پرمسلط کیا گیا، ہمارا مقابلہ امریکا کے غلاموں سے ہے، بدقسمتی سے پاکستان کوحقیقی آزادی نہیں ملی، اپنے بچوں کے مستقبل کے لیے باہر نکلیں، ہم نے پاکستان کوعلامہ اقبال کے خواب جیسا پاکستان بنانا ہے۔ آپ سب نے ملکر پاکستان کو بچانا ہے، ابھی فیصلہ نہیں کیا یا تو سیالکوٹ سے براستہ اسلام آباد جائوں گا، یا سیالکوٹ والے لاہور لانگ مارچ میں شرکت کریں گے، میرا دل کہہ رہا ہے یہ پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی آزادی کی تحریک ہو گی، جب تک عوام کو اپنی قیادت کومنتخب کرنے کا حق نہیں ملے گا جدوجہد جاری رکھیں گے، چوروں، غلاموں کوکبھی مسلط نہیں ہونے دیں گے۔ اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ ہم غلام صرف اللہ اور اس کے نبیﷺ کے ہیں، تم نے ارشد شریف کوشہید کیا یہ نہ سمجھنا کہ قوم ڈرے گی، آج قوم اور میں پہلے سے بھی زیادہ پرعزم ہیں، جو جو تم نے ظلم کیے تمہارا مقابلہ کریں گے، اعظم سواتی پر بچوں کے سامنے تشدد کیا گیا، جنہوں نے یہ کیا ان کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرینگے، ڈرٹی ہیری فلم میں ایسا پولیس والا تھا جو سب کو گولیاں مار کر ڈراتا تھا، اسلام آباد میں بھی ایک ڈرٹی ہیری صحافیوں اور ہمارے کارکنوں کو ڈرا رہا ہے، اس کو ایک عجیب بیماری ہے، بے شرم آدمی لوگوں کو ننگا کر کے مارتا ہے، ڈرٹی ہیری سن لو تمہیں ایک دن انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرونگا۔ سیالکوٹ والوں تیاری کر لو، انشااللہ سارے پاکستان سے قافلے آئیں گے، شہبازشریف تو ابھی سے ڈررہا ہے اس کا حال خستہ ہے، رانا ثنا اللہ تم بھی تیار ہو جائو، تمہارے ہینڈلرز بھی دیکھیں گے سب سے بڑا عوامی سمندراسلام آباد پہنچے گا۔جلسے کے دوران صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے شرکا سے حلف لیا۔ اسی دوران عمران خان نے کہا کہ ہمارا مقابلہ چوروں سے ہے، حقیقی آزادی مارچ کے لیے جمعہ کو لاہورسے نکلوں گا، شہبازشریف ڈرپوک انسان ہے۔ اس سے قبل سیالکوٹ کے مرے کالج میں طلبہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ انسانوں اور جانوروں کے معاشرے میں سب سے بڑا فرق انصاف کا ہوتا ہے، انسانی معاشروں میں قانون طاقتور اور کمزور کو ایک طرح دیکھتا ہے۔ دنیا آگے نکل گئی اور ہمارا ملک اسی لیے پیچھے رہ گیا کیونکہ ہمارے ملک میں انصاف نہیں ہے، طاقتور اپنے آپ کو قانون سے بالاتر سمجھتا ہے، ملک کا سب سے بڑا ڈاکو آپ کا وزیر اعظم بن گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں سب سے پہلے طلبہ کو کہوں گا کہ اپنی پڑھائی پر آپ کی سب سے زیادہ توجہ ہونی چاہیے، وہی اقوام اوپر جاتی ہیں جو تعلیم کو اہمیت دیتی ہیں، ان شا اللہ میں اس کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دلوانے کی کوشش کروں گا۔ ظلم و زیادتی ہو تو زندہ معاشرہ انصاف کے لیے کھڑا ہوتا ہے، جانور کبھی ظلم و زیادتی کے خلاف کھڑے نہیں ہوتے۔ پی ٹی آئی چیئر مین نے کہا کہ ارشد شریف کا رتبہ شہیدوں میں شمار ہوتا ہے جو اپنے ملک کے لیے جدوجہد کر رہا تھا، چوروں اور ڈاکووں کو بے نقاب کر رہا تھا اور رجیم چینج کے خلاف جہاد کر رہا تھا، یہ قوم ہمیشہ اس کو یاد رکھے گی کہ اس نے حق کے لیے اپنی جان قربان کی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں