عوامی طاقت سے حکومت بنائیں گے، پیر پگارا
شیئر کریں
کراچی(اسٹاف رپورٹر)حروں کے روحانی پیشوا اور پاکستان مسلم لیگ (ف) کے سربراہ پیر پگارا کی دعوت پر پاک سر زمین پارٹی کے چیئر مین سید مصطفی کمال اور انکے وفد کی ملاقات، اس موقع پر پاکستان بالخصوص سندھ کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاک سرزمین پارٹی کے چیئر مین نے کہا کہ عوام کے بدترین حال کو بہتر بنانے کے لیے رنگ و نسل کے فرق کے بغیر ہم اپنی تمام کاوشوں کو بروئے کار لائیں گے اوراسکے لیے سب کے پاس جائیں گے۔ سندھ میں دیہی اور شہری علاقوں کا فرق ختم کر کے پاکستان کے جھنڈے تلے سب کو متحد کرنے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ سندھ میں 906 ارب روپے خرچ کر کے ایک مناسب اسکول یا اسپتال موجود نہیں، تھر میں بچے گولیوں سے نہیں بھوک سے مررہے ہیں۔ اس موقع پر پیر صدارلدین شاہ راشدی نے کہا کہ پاک سر زمین پارٹی ایک مستند سیاسی جماعت ہے اور مستقبل میں پاکستان کی سیاست میں پاک سر زمین پارٹی کابڑا اور اہم کردار ہے ۔ عوام کی طاقت ہمارے ساتھ ہے۔ آئندہ انتخابات میں عوام موجودہ حکمرانوں کو مسترد کر دیں گے، سندھ میں حکمرانوں نے تباہی مچا دی ہے۔ ہماری ملاقات کی خبر سے ہی حکمرانوں کی نیندیں اڑ گئی ہیں۔ہماری سوچ اور منزل عوام کی فلاح و بہبود ہے۔پاک سر زمین پارٹی کے وفد میں سیکٹری جنرل رضا ہارون، سینیئر وائس چیئرمین انیس ایڈووکیٹ، وائس چیئرمینز وسیم آفتاب اور اشفاق منگی شامل تھے۔