میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
شہری سندھ کے عوام کو سول نافرمانی کی طرف دھکیلا جارہا ہے، خالد مقبول صدیقی

شہری سندھ کے عوام کو سول نافرمانی کی طرف دھکیلا جارہا ہے، خالد مقبول صدیقی

ویب ڈیسک
جمعرات, ۲۶ اگست ۲۰۲۱

شیئر کریں

ؔ
یہ ہماری بدقسمتی ہے کہ ملک میں قائم ہونے والی نام نہاد جمہوری حکومتوں نے بلدیاتی انتخابات کروانے کے بجائے فیتہ کلچر کو تحفظ فراہم کیا ہے،یہ کیسی جمہوریت ہے کہ جب بھی ملک میں آتی ہے تو بنیادی جمہوریت ختم ہوجاتی ہے، جس طرح آئینی حکومت کی مدت ختم ہونے کے بعد قلیل مدتی عبوری وزیر اعظم کو لایا جاتا ہے اسی طرح بلدیاتی حکومت کی مدت ختم ہونے کے بعد عبوری میئرز کو ذمہ داریاں ملنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینر عامر خان و اراکین رابطہ کمیٹی عبدالوسیم اور اسلم خان بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے موجودہ متنازعہ مردم شماری کو جواز بنا کر صوبے میں بلدیاتی انتخابات کروانے سے معذرت کرلی ہے جبکہ اس متنازعہ مردم شماری کا سب سے بڑا فائدہ خود پیپلز پارٹی کو ہوا ہے،2017کی مردم شماری میں شہری سندھ بلخصوص کراچی کے ساتھ تاریخی دھوکہ ہوا ہے مگر بلاول بھٹو یہ بتائیں کہ پیپلز پارٹی کی نام نہاد جمہوریت کے پچھلے ادوار میں ایسی کون سی مجبوریاں تھیں جن کی وجہ سے پیپلز پارٹی نے کبھی ملک میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد نہیں کروایا۔ انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں 1998کی مردم شماری کی بنیاد پر بلدیاتی انتخابات کروائے جائیں،شہری سندھ کے مسائل کا حل مضبوط بلدیاتی نظام میں ہی مضمر ہے، سندھ کی بدقسمتی ہے کہ صوبے میں تاریخ کی بدترین کرپٹ حکومت قابض ہے کتوں کے کاٹنے کے واقعات سے لیکر جرائم کے واقعات میں سندھ سب سے آگے ہے،اندرون سندھ سے متعصب افسران کو لاکر شہری سندھ پر مسلط کیا جارہا ہے۔ سندھ میں وزیروں سے لیکر سرکاری افسران کرپشن میں گرفتار ہورہے ہیں اورمعاشرے کو دیمک کی طرح چاٹنے والے ایسے وزیروں اور افسران کو پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت اپنے سروں کا تاج سمجھتی ہے، اس موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان نے کہا کہ کل بڑی خوبصورتی کے ساتھ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹونے سندھ حکومت کی نااہلی اوربدترین کارکردگی کا ذمہ دار ایم کیو ایم کو ٹھہرانے کی ناکام کوشش کی جس پر میں بلاول بھٹو صاحب سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیا ایم کیو ایم پاکستان نے سندھ پر قابض نسل پرست متعصب نااہل حکومت کو تھر کی قحط سالی میں کام کرنے سے روکا ہے؟ کیا ایم کیو ایم نے اندرون سندھ کتوں کے کاٹنے کی ویکسین پہنچانے سے روکا ہے؟ کیا ایم کیو ایم نے اندرون سندھ کے عوام کو بنیادی حقوق دینے سے روکا ہے؟ کیا ایم کیو ایم نے اندرون سندھ خواتین کے تحفظ سے روکا ہے؟کیا ایم کیو ایم نے اندرون سندھ ڈاکوں کے خلاف آپریشن سے روکا ہے؟ کیا ایم کیو ایم نے اندرون سندھ ایڈز کے مریضوں کے علاج سے روکا ہے؟انہوں نے کہا لگتا ہے کہ بلاول بھٹونے اپنی تقریر لکھنے کی نوکری پر بھی اندرون سندھ سے کسی نااہل افسر کو لاکر تعینات کردیا ہے جس کی وجہ سے میڈیا پر آکر ایسی عجیب باتیں کر رہے ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں