قوم انتخابات کی تیاری کرے، عمران خان کا پیغام
شیئر کریں
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا کہنا ہے کہ قوم نئے انتخابات کی تیاری کرے جبکہ عمران خان نے بھی قوم سے الیکشن کیلئے تیار رہنے کی اپیل کی ہے۔بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں علامہ راجہ ناصر عباس، صاحبزادہ حامد رضا کاظمی اور دیگر رہنماوں کے ساتھ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ہماری آج خوشگوار ماحول میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی، بانی پی ٹی آئی نے جنرل عاصم منیر کے نام پیغام دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پیغام یہ دیا ہے کہ شہباز شریف اور موجودہ حکومت پاک فوج اور پی ٹی آئی کو آمنے سامنے کرنا چاہتے ہیں، یہ خطرناک چیز ہے۔ 90 فیصد عوام پاکستان تحریک انصاف کے پیچھے کھڑی ہے، 9 مئی کور کمانڈرز ہاؤس، جی ایچ کیو ہاوس مظاہروں کی فوٹیج غائب ہوچکی ہیں۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ 14 مارچ میں زمان پارک میں دھاوا بولا گیا وہ فوٹیجز بھی غائب کردی گئیں، 18 مارچ کوجوڈیشل کمپلیکس کی فوٹیجز بھی غائب ہوچکی ہیں، ان فوٹیجز کے لیے بانی پی ٹی آئی عدالتوں میں جارہے ہیں۔عمر ایوب کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کمشنر نے ہمارے جلسہ کا اجازت نامہ منسوخ کیا، پی ٹی آئی دوبارہ 5 اگست کو اسلام آباد میں جلسہ کرے گی جس کی قیادت وزیر اعلی کے پی کے کریں گے، مخصوص نشستوں کے حوالے سے تمام ساتھیوں نے بانی پی ٹی آئی کے سامنے نام رکھے، بانی پی ٹی آئی نے مشکل وقت میں ڈٹ کر کھڑی رہنے والے خواتین کو سیٹیں دینے کا کہا ہے جس کے حتمی امور کنول شوذب طے کریں گی۔ان کا کہنا تھاکہ عمران خان نے کہا ہے کہ قوم نئے الیکشن کی تیاری کرے کیونکہ نئے انتخابات ہوں گے توملک ترقی کرے گا، موجودہ حکومت ڈوب چکی ہے،فوج کو پی ٹی آئی اور عوام کے سامنے دھکیل دیا ہے۔عمر ایوب نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بطور وزیرخزانہ، وزیرداخلہ پریس کانفرنس کی ہے اس سے ثابت ہوگیا کہ حکومت ناکام ہوچکی ہے، بھوک ہڑتالی کیمپ بانی پی ٹی آئی سمیت اسیران کی رہائی کے لیے کی ہے۔ان کا مزید کہنا تھاکہ تحریک تحفظ پاکستان کی کال پر کل تمام لوگ پرامن احتجاج میں شریک ہوں، ہم پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی غلط تشریح کی تھی،چیف الیکشن کمشنر اور چارصوبائی کمشنرز فوری طور پر مستعفی ہوں۔بعد ازاں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر بھوک ہڑتالی کیمپ کے تیسرے روز میڈیا سے گفتگو میں عمر ایوب نے کہا کہ جنرل عاصم منیر کو یہ باور ہونا چاہیے کہ موجودہ شہباز شریف کی حکومت کی کوشش ہے کہ فوج،پی ٹی آئی اور پاکستانی عوام کو آمنے سامنے کیا جائے، یہ خطرناک چیز ہے کیونکہ اس وقت پاکستان کے 90 فیصد عوام پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس کانفرنس کی کیونکہ وزیر داخلہ، وزیر خارجہ غائب ہیں، انہوں نے خود فوج کو دھکیلا ہے کہ ہماری ترجمانی کریں، عمران خان نے کہا کہ قوم انتخابات کی تیاری کرے،آج انشاء اللہ ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔عمر ایوب کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیف کمشنر کے آرڈر کو کالعدم قرار دیا، بانی چیئرمین نے بھوک ہڑتالی کیمپ کو سراہا اور شاباش دی ہے جبکہ قوم کو ڈٹے رہنے کا پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ جیت پی ٹی آئی ہوگی۔