میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
محکمہ صحت اورسیپا کی نااہلی، سول اسپتال کراچی میں طبی فضلہ تلف کرنے کا منصوبہ ناکام

محکمہ صحت اورسیپا کی نااہلی، سول اسپتال کراچی میں طبی فضلہ تلف کرنے کا منصوبہ ناکام

ویب ڈیسک
بدھ, ۲۶ جولائی ۲۰۲۳

شیئر کریں

(رپورٹ: مسرور کھوڑو)محکمہ صحت سندھ اور سیپا کی ناکامی، اسپتالوں میں طبی فضلہ تلف کرنے کے غیر اطمینان بخش اقدامات، سول اسپتال کراچی میں طبی فضلہ جلانے کیلئے کروڑوں روپے کی لاگت سے بنایا گیا منصوبا ناکام ہوگیا ۔ جرأت کی رپورٹ کے مطابق سندھ انوائرمنٹل پروٹیکشن 2014 کے تحت اسپتالوں کے فضلے کو تین مختلف اقسام کیمیکل ویسٹ، جینوٹاکسک ویسٹ اور اسپتال ویسٹ میں علیحدہ کرنا ہے، اسپتالوں کے فضلے میں لیکوڈ ویسٹ، بیماریاں پھیلانے والا فضلہ، پیتھالاجیکل ویسٹ سمیت دیگر شامل ہیں، اسپتالوں کے فضلے کو ٹھکانے لگانے کے انتظامات میں فضلے کو علیحدہ علیحدہ کرنا، جمع کرنا، اسپتال سے باہر لے کر جانا اور تلف کرنا شامل ہے۔ سندھ کی سب سے بڑی ڈاکٹر رتھ فاؤ سول اسپتال کراچی میں روزانہ کی بنیاد پر مختلف وارڈز سے طبی فضلہ نکلتا ہے، طبی فضلے کو بحفاظت تلف کرنا اسپتال انتظامیہ اور اس پورے عمل کی نگرانی سندھ انوائرمینٹل پروٹیکشن اتھارٹی کو کرنی ہے، اسپتال کے طبی فضلے کو تلف کرنے کی نگرانی کے لئے ڈائریکٹر جنرل سیپا ایک افسر کی تعیناتی بھی کرتے ہیں، سول اسپتال کراچی میں فضلہ روزانہ کی بنیادوں پر تلف کرنے کا دعویٰ کیا جاتا ہے جس میں انجکشنز، ڈرپس، خون کے تھیلے ، ادویات، استعمال شدہ طبی آلات، خون، اور دیگر ڈسپوزایبل سامان شامل ہے۔ سول اسپتال کراچی میں طبی فضلے کو جدید بنیادوں پر تلف کرنے کے لئے محکمہ صحت سندھ نے کروڑوں روپے کی لاگت سے جدید مشینری 3 سال پہلے خرید ی، جدید مشینری کو انسی نیریٹر مشین کہا جاتا ہے، جدید مشینری طبی فضلے کے خطرناک جراثیم کو ختم کرکے تلف کرے گی لیکن سول اسپتال کراچی کی انتظامیہ نے گیس کا پریشر کم ہونے کادعویٰ کرکے جدید مشینری کو استعمال ہی نہیں کیا ، مشینری کو 3 سال سے استعمال نہ کرنے کے باعث مشینری کے زنگ آلودہ ہونے کاخدشہ پیدا ہو گیا ہے ، جبکہ سول اسپتال کراچی کی انتظامیہ نے گیس پریشر کم ہونے کی آگاہی محکمہ صحت سندھ کے اعلیٰ حکام کو نہیں دی اور نہ ہی گیس کا کوئی متبادل انتظام کیا ہے، مشینری استعمال نہ ہونے کے باعث کروڑوں روپے کے سرکاری فنڈز عوام کے فائدے کے لیے استعمال نہیں ہوئے ۔ روزنامہ جرأت کی جانب سے سول اسپتال کراچی میں طبی فضلہ تلف کرنے کی مشینری کو استعمال نہ کرنے کے حوالے سے موقف کے لئے بار بار میڈیکل سپریٹنڈنٹ گریس کمار سے رابطہ کیا گیا لیکن ایم ایس گریس کمار کے پاس وضاحت کے لیے کوئی الفاظ ہی نہیں تھے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں