شہر قائد میں بارش‘پی ٹی سی ایل کا نظام درہم برہم ‘سروس منقطع
شیئر کریں
رپورٹ : شعیب مختارشہر قائد میں بارش برستے ہی پی ٹی سی ایل نے شہریوں کو دھوکا دے دیا مختلف علاقوں کے ٹیلیفون اور انٹرنیٹ کنکشن منقطع ہو گئے، ہزاروں صارفین کی شکایات کے بعد بھی انتظامیہ حرکت میں نہ آسکی۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ کئی روز سے شہر میں ہونے والی بارشوں کے باعث پی ٹی سی ایل کا نظام مکمل طور پر درہم برہم دکھائی دیتا ہے جس کی بنیادی وجہ انتظامیہ کی نا اہلی بتائی جاتی ہے۔شہر کے مختلف علاقے بالخصوص ناظم آباد ،گلشن اقبال، ڈی ایچ اے اور کورنگی میں پی ٹی سی ایل کی ٹیلیفون لائن اور براڈ بینڈ انٹرنیٹ کنکشن استعمال کرنے والوں کی جانب سے سست رفتار انٹرنیٹ اور سروس معطلی کی متعدد شکایتیں سامنے آئیں ہیں جس پر انتظامیہ سنجیدگی اختیار کرنے سے مسلسل گریز کر رہی ہے، اس سلسلے میں صارفین کی جانب سے ہیلپ لائن نمبرز پر بھی متعدد شکایتیں درج کروائی گئی ہیں انتظامیہ کی جانب سے مسلسل تکنیکی خرابی اور لائن کٹنے کا بہانا بنا کر شہریوں کی شکایات کو ٹالنے کا سلسلہ جاری ہے۔پی ٹی سی ایل سروسز استعمال کرنے والے صارفین کی جانب سے حالیہ دنوں سوشل میڈیا پر بھی ناقص سروسز ملنے پر کمپنی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جس کے بعد بھی انتظامیہ کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی ہے۔