مدھوبالا کا مومی مجسمہ مادام تساؤ میوزیم کی زینت بنے گا
شیئر کریں
امیتابھ بچن، شاہ رخ خان، گلوکارہ شریا گھوشال اور آشا بھوسلے کے مجسمے بھی رکھے جائیں گے
ماضی کی خوبرو بھارتی اداکارہ اور فلم مغل اعظم سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی مدھو بالا کی فلمی خدمات کے اعتراف میں مادام تساؤ میوزیم میں ان کا مومی مجسمہ رکھا جائے گا۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق آنجہانی اداکارہ مدھوبالا کا مومی مجسمہ ان کے اْس روپ کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا جائے گا جو انہوں نے اپنی سپر ہٹ فلم ’’مغل اعظم‘‘ میں انار کلی کا کردار نبھاتے ہوئے اختیار کیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق مدھو بالا کے مومی مجسمے کی رونمائی رواں برس ہی کردی جائے گی جبکہ یہ مجسمہ دہلی میں قائم مادام تساؤ میوزیم کی زینت بنے گا۔مدھو بالا کو ہندی سنیما کے سہنرے دور کی کامیاب ترین اداکارہ تصور کیا جاتا ہے اور مغل اعظم کے علاوہ انہوں نے چلتی کا نام گاڑی، مسٹر اینڈ مسز 55 ، کالا پانی اور دیگر کامیاب فلموں میں بھی کام کیا ہے۔ مدھوبالا کی خوبصورتی کو دنیا بھر میں اس وقت زیادہ سراہا گیا جب ان کی ایک تصویر 1952 میں ایک معروف امریکی جریدے نے شائع کی۔دہلی کے مادام تساؤ میوزیم کا افتتاح رواں برس ہی کیا گیا ہے اور مدھوبالا کے علاوہ یہاں امیتابھ بچن، شاہ رخ خان، گلوکارہ شریا گھوشال اور آشا بھونسلے کے مجسمے بھی رکھے جائیں گے۔خیال رہے کہ لندن کے مادام تساؤ میوزیم میں پہلے ہی متعدد بھارتی اداکاروں کے مومی مجسمے موجود ہیں تاہم اب دہلی میں ان مجسموں کی رونمائی کی جا رہی ہے۔