لیاقت آباد 10 نمبر کے قریب ایک منزلہ عمارت گر گئی
شیئر کریں
وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے لیاقت آباد 10 نمبر کے قریب ایک منزلہ عمارت گرنے کا نوٹس لے لیا۔ صوبائی وزیر نے ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور ڈپٹی کمشنر سینٹرل سے فوری رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایات کردی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے منگل کی دوپہر لیاقت آباد 10 نمبر پر ایک منزلہ عمارت کے گرنے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور ڈپٹی کمیشنر سینٹرل سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے ۔ سعید غنی نے کہا کہ اس واقعہ کے پس پشت تمام عوامل کو رپورٹ میں واضح کیا جائے ۔ سعید غنی نے کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ اس حادثہ میں کوئی ہلاکت یا زخمی نہیں ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایس بی سی اے فوری طور پر کراچی میں مخدوش قرار دی گئی تمام عمارتوں کو خالی کروا کر ان کو ڈیمولیس کرے ۔ سعید غنی نے مزید کہا ہے کہ ممکنہ مون سون بارشوں کے پیش نظر کسی قسم کی کوئی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے تمام ڈپٹی کمیشنرز اور دیگر تمام افسران کو اس حوالے سے اپنے اپنے ڈسٹرکٹ میں مخدوش عمارتوں کے خلاف کارروائی کرنے کی بھی ہدایات دی ہیں ۔