بھارت نے اپنے 30 جنگی طیارے سرحد پر پہنچا دیے
شیئر کریں
بھارت نے اپنے 30 جنگی طیارے سرحد پر پہنچا دیے۔طیارے چین کی سرحد کے قریب تعینات کیے گئے ہیں، ان طیاروں میں روسی ساختہ ایس یو 30 بھی شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابقمیڈیا ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ بھارت اب بھی چین کو دھمکیاں دینے سے باز نہیں آ رہا ہے۔ بھارت اور چین کے سرحد پر معاملات اب بھی ٹھیک نہیں ہوئے۔ بھارت نے چین سے مار کھانے کے بعد چین کی سرحد پر جنگی طیارے پہنچا دیے ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ بھارت نے سرحد پر 30 جنگی طیارے پہنچائے ہیں۔ ان جنگی طیاروں میں روس سے حاصل کردہ ایس یو 30 جنگی طیارے بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب بھارتی میڈیا کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ بھارت چین سرحدی علاقے ڈیپسنگ کے علاقے میں بڑی تعداد میں چینی فوجیوں کے جمع ہونے کی اطلاعات ہیں۔بھارتی ذرائع ابلاغ میں اس حوالے سے متعدد خبریں شائع ہوئی ہیں، جن میں دعوی کیا گیا ہے کہ دولت بیگ اولڈی میں بھارتی فضائیہ کی ایک بیس سے صرف تیس کلومیٹر کے فاصلے پر ڈیپسنگ میں چین نے بڑی تعداد میں فوجیں تعینات کر دی ہیں۔ چین نے اس مقام پر بھاری فوجی گاڑیاں اور فوجی ساز و سامان بھی جمع کر رکھا ہے۔ ادھر بھارت کی جانب سے بھی سرحد پر فوجی بھیجے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔دونوں ملکوں کے مابین ابھی لداخ اور سکم میں بھی کشیدگی جاری ہے۔ واضح رہے کہ کچھ روز قبل دونوں افواج کے درمیان ہونے والی جھڑپ میں چینی فوج نے بھارتی فوج کے 20 اہلکاروں کو ہلاک کر ڈالا تھا۔ چین کا موقف ہے کہ بھارتی فوج نے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کی اور جارحیت کا مظاہرہ کیا، اس لیے چین کی جانب سے اس جارحیت کا بھرپور جواب دیا گیا۔