میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
بے شک سیاسی لڑائی آپ کریں ۔۔۔ لیکن عوام کو معاف کریں!!!

بے شک سیاسی لڑائی آپ کریں ۔۔۔ لیکن عوام کو معاف کریں!!!

ویب ڈیسک
اتوار, ۲۶ مئی ۲۰۱۹

شیئر کریں

آخر کار اٹھارویں ترمیم کے پھول بھی ایک ایک کر کے مرجھانا شروع ہوچکے ہیں ، ابتدا سپریم کورٹ آف پاکستان کی طرف سے جاری کیے گئے ایک فیصلہ سے ہورہی ہے۔ جس میں اعلیٰ عدلیہ نے تمام وفاقی ہسپتال جنہیں اٹھارویں ترمیم کے تحت صوبوں نے اپنے اختیار میں لے لیا تھا ،اُنہیں ایک بار پھر سے واپس وفاق کے اختیار میں دینے کا حکم صادر فرمادیا ہے اور یوںسپریم کورٹ آف پاکستان کے اِس حکم کی روشنی میں سندھ کے چار ہسپتال اور پنجاب کا ایک ہسپتال وفاق کو واپس اپنے اختیار میںلینے کی اجازت مل گئی ہے ۔ گو کہ اعلیٰ عدلیہ کی طرف سے یہ فیصلہ آج سے کم و بیش پانچ ماہ پہلے جاری کیا گیا تھا ۔ لیکن وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں خاص طور پر سندھ حکومت سے ہسپتالوں کا اختیار واپس لینے میں زبردست ہچکچاہٹ کا شکار رہی تھی ۔وفاقی حکومت کو ڈر تھا کہ سندھ کے ہسپتال جب وفاق اپنے ماتحتی میں لینے کا حکمنامہ جاری کرے گا تو اُسے سندھ حکومت اور پاکستان پیپلزپارٹی کی طر ف سے سخت سیاسی ،انتظامی اور قانونی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔اِن ہی سیاسی اندیشوں کے باعث پانچ ماہ گزر گئے اور وفاقی حکومت ہسپتالوں کو اپنے اختیار میں لینے کا سرکاری حکمنامہ جاری نہ کرسکی۔وفاقی حکومت کی اِس ’’ سیاسی پسپائی ‘‘سے سندھ حکومت کو اُمید ہو چلی تھی کہ سندھ میں قائم وفاقی ہسپتال دوبارہ سے وفاقی حکومت کے زیرانتظام چلے جانے سے بچ جائیں گے اور اٹھارویں ترمیم کا جادواِس بار بھی وفاقِ پاکستان کے خلاف خوب سر چڑھ کر بولے گا۔

مگرغیر متوقع طور پر اُلٹی ہوگئیں سب سیاسی تدبیریں اورکچھ نہ اٹھارویں ترمیم کے سحر نے کام کیا اورگزشتہ دنوں وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اچانک ہی وفاقی ہسپتالوں کو صوبائی حکومتوں سے واپس اپنے ماتحت لینے کا سرکاری حکمنامہ جاری کرکے سندھ حکومت اور پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت کو حیران و پریشان کردیا۔ذرائع کے مطابق سندھ کے کئی علاقوں میں بچوں کے ایڈز میں مبتلاء ہونے کی خبروں نے وفاقی حکومت کے لیے بظاہر ایک مشکل اور ناقابلِ عمل دکھائی دینے والا کام بالکل ہی آسان بنادیا۔ اب سندھ حکومت اور پاکستان پیپلزپارٹی لاکھ سرپیٹتی رہے مگر حقیقت یہ ہی ہے اٹھارویں ترمیم کے مضبوط قلعہ میں نقب لگ چکی ہے ۔اِس نقب زنی کا سب سے بڑا محرک سندھ حکومت کی بد انتظامی بنی ہے ۔جبکہ اندرونِ سندھ میں ایڈز کے پھیلاؤ کی خبروں نے سندھ حکومت کی انتظامی و اخلاقی ساکھ کو انتہائی بُری طرح سے مجروح کیا ہے ۔بعض تجزیہ کاروں کا تو یہ بھی کہنا ہے کہ اگر اِس وقت سندھ حکومت ہسپتالوں کے انتظام کے مسئلہ پر سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلہ کے خلاف اپیل کے لیے چلی جاتی ہے تو قانونی محاذ پر بھی سندھ حکومت کی شکست کے واضح امکانات موجود ہیں کیونکہ جب سپریم کورٹ آف پاکستان میں وفاق کے وکیل کی طرف سے سندھ میں ہسپتالوں کی حالتِ زار خاص طور پر اندرونِ سندھ میں ایڈز کے پھیلاؤ کی بابت تیز و تند سوالات کی بوچھاڑ کی جائے گی تو غالب اِمکان یہ ہی ہے کہ سندھ حکومت کے قانونی ماہرین کے پاس اپنی اپنی بغلیں جھانکنے کے سوا کوئی دوسرا’’قانونی راستا ‘‘نہیں بچے گا۔

وزیراعظم پاکستان عمران خان کے حالیہ دورہ کراچی سے یہ بات بھی خوب واضح ہوگئی ہے کہ وفاقی حکومت کی طرف سے اَب سندھ حکومت کو کسی بھی قسم کی کوئی رعایت نہیں ملنے والی ۔بلکہ اگر یہ کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا کہ آنے والے سخت ایام میں وزیراعظم پاکستان عمران خان سندھ حکومت کی مشکیں کسنے کا کوئی بھی موقع اپنے ہاتھ سے جانے نہیں دیں گے ۔ فی الحال وفاق کی طرف سے سندھ حکومت کی تمام تر وفاقی گرانٹ روکی جاچکی ہے جس کی وجہ سے سندھ حکومت حقیقی معنوں میں شدید ترین مالی بحران کا شکار ہے اور اگر یہ صورت حال کچھ ماہ اور یونہی جاری رہی تو وہ وقت دُور نہیں کہ جب سندھ حکومت کے پاس ترقیاتی پروجیکٹ مکمل کروانا تو بہت دُور کی بات ہے ،شاید وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے لیے اپنی اور اپنے ملازمین کو تنخواہیں دینا بھی جوئے شیر لانے کے مترادف ہوجائے گا ۔جبکہ عنقریب سندھ حکومت کے اہم ترین وزراء کو کرپشن الزامات کے تحت گرفتار کیے جانے کی خبریں بھی میڈیا میں خوب گرم ہیں ۔ واقفانِ حال کا تو یہ بھی خیال ہے کہ تھرکول پروجیکٹ سے منسلک کمپنی سندھ ایگرو کول مائننگ کے چیئرمین خورشید اور اِس کے دیگر دو ساتھیوں کی گرفتاری بھی سندھ میں نئے ’’سلسلہ گرفتاری‘‘ کا ایک نقطہ آغاز ہے ۔جس سے یہ سمجھنا کچھ مشکل نہیں کہ بہت جلد سندھ میں کتنے وسیع پیمانے پر اور کس قسم کی سیاسی و کاروباری شخصیات کی گرفتاریاں ہونے جارہی ہیں ۔اہم ترین بات تو یہ ہے کہ سندھ کی جن سیاسی شخصیات تک ’’گرفتاری نما ‘‘یہ’’ خاموش پیغام ‘‘پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے ،آیا اُن تک یہ پیغام پہنچ بھی گیا ہے یا نہیں اور اگر اُن تک پیغام پہنچ گیا ہے تو کیا اُنہیں یہ پیغام اچھی طرح سمجھ بھی آگیا ہے یانہیں؟

وفاق اور سندھ حکومت کے درمیان جاری اِس سیاسی کشمکش کا حتمی نتیجہ کس فریق کی شکست اور کس کی فتح پر جاکر منتج ہوگا ،یہ تو فی الحال کوئی نہیں بتا سکتا، لیکن ایک بات ضرور پورے یقین کے ساتھ کہی جاسکتی ہے کہ سندھ حکومت آہستہ آہستہ وفاقی حکومت کے ’’سیاسی جال ‘‘ میں مکمل طور پر پھنستی جارہی ہے ۔ یعنی ذراملاحظہ ہو کہ پہلے وفاق نے پاکستان پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت کو نیب کے خلاف غیرضروری لب و لہجہ اختیار کرنے پر اُکسایا اور جب پی پی پی قیادت پوری طرح سے نیب کے چیئرمین جناب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے خلاف تلوار سونت کر کھڑی ہوگی تو اچانک سے ایسی صورتحال پیدا کردی گئی کہ اَب وہی پی پی پی قیادت نیب کو وفاق کی دست برد سے بچانے کے بلند و بانگ بیانات داغ رہی ہے ۔سوچنے والی بات یہ ہے کہ نیب کے چیئرمین کو بے نطق سُنا کر ایسا کونسا ’’سیاسی جیک پاٹ ‘‘ہوگا جو مستقبل میں پاکستان پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت یا سندھ حکومت کو حاصل ہوسکتا ہے سوائے اِ س کے کہ نیب اپنا شکنجہ کچھ اور زیادہ سختی سے پی پی پی کی اعلیٰ قیادت اور اُن کے سہولت کاروں کے گرد کسنا شروع کردے گا۔بہر حال قصہ مختصر یہ ہے کہ وفاق اور سندھ حکومت کی روز بروز بڑھنے والی محاذ آرائی کے درمیان ایک تیسرا فریق بھی ہے جس پر کسی کی بھی توجہ نہیں ہے اور وہ تیسرا اور سب سے اہم ترین فریق ہے سندھ کے عوام۔ اِس وقت سندھ کے عوام کا وہی حال ہورہا ہے جو دو گینڈوں کی لڑائی میں گھاس ،پھونس کا ہوتا ہے یا جو حشر چنوں کی پسائی میں گُھن کا ہوتا ہے۔ہماری عاجزانہ سی گزارش ہے کہ بھلے ہی وفاق اور سندھ حکومت اپنی دیرینہ سیاسی معرکہ آرائی کو زور و شور سے بدستور جاری رکھیں لیکن’’سیاسی لڑائی‘‘ کے درمیان کچھ تو خیال سندھ کے عوام کا بھی کریں کیونکہ سندھ کے عوام کا پیٹ نہ تو وفاقی حکومت کے کھوکھلے نعروں سے بھرنے والا ہے اور نہ ہی سندھ کے عوام کی شکم میں سلگنے والی بھوک کی آگ سندھ حکومت کی سیاسی آہ ہ بکاکے جھوٹے آنسوؤں سے بجھنے والی ہے۔

لڑائی ہی ہمارا مسئلہ ہے
لڑائی مسئلے کا حل نہیں ہے
٭٭٭٭٭٭٭


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں