تربت میں بحریہ کا نیا ایئراسٹیشن فعال ہوگیا
شیئر کریں
تربت (بیورو رپورٹ) تربت میں قائم نیول ایئر اسٹیشن پی این ایس صدیق کی فعالی کی تقریب جمعرات کو تربت بلوچستان میں منعقد ہوئی۔ وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاءاللہ بھی اس موقع پر موجود تھے، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ یہ اہم نیول بیس وطنِ عزیز کے دفاع کے حوالے سے پاک بحریہ کی صلاحیتوں میں اضافہ کا باعث ہوگی جس کی بدولت بحیرہ عرب میںمزید بحری استحکام حاصل ہوگا اور خصوصاًمغرب کی سمت ہمارے اسٹریٹجک پھیلاو¿ میں معاونت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ نیول ایئر اسٹیشن تربت کا دہرا استعمال بحری دفاع کے ساتھ ساتھ اقتصادی طور پر بھی مفید ثابت ہوگا، قبل ازیں اپنے خطبہ استقبالیہ میں کمانڈر کوسٹ ریئر ایڈمرل عبدالعلیم نیول ایئر اسٹیشن کی دفاعی اور اقتصادی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے ان کاوشوں کا بھی ذکر کیا جو پاک بحریہ بلوچستان بالخصوص تربت کے عوام کو معیار ی تعلیم، صحت کی سہولیات اور روزگار کی فراہمی کے لےے کر رہی ہے، انہوں نے پاک بحریہ کے ان تمام افسران اور جوانوں کو مبارک باد پیش کی، جو اس منصوبے کی تکمیل میں پیش پیش رہے۔ تقریب کے دوران ایک شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ بھی پیش کیا گیا جس میں پاک بحریہ کے P3C ایئر کرافٹ ، Z9EC اور سی کنگ ہیلی کاپٹروں نے حصہ لیا۔ تقریب میں پاک بحریہ سمیت دیگر اعلیٰ فوجی حکام اور اعلیٰ سول شخصیات کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔