عمران خان جوڈیشل اسٹیبلشمنٹ پر تکیہ کیے بیٹھا ہے ، مریم نواز
شیئر کریں
مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے سرٹیفائیڈ آئین کو توڑنے والے عمران خان کو سزا کیوں نہیں دی؟لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے لائرز ونگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ اللہ کا شکر ہے ہم الیکشن میں جانے سے نہیں ڈرتے ہم الیکشن کے لیے تیار ہیں لیکن ہم لیول پلیننگ فیلڈ چاہتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ پہلے ترازو کے پلڑے برابر کرو پھر الیکشن کراؤ۔مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف پر پاناما، ڈاکے اور چوری کے جھوٹے مقدمات درج کیے گئے، نواز شریف کے مقابلے میں عمران خان کو ابھی تک کسی نے انگلی بھی نہیں لگائی، عمران خان جتھوں کی صورت میں عدالت پر حملہ آور ہورہا ہے مگر عمران خان کے ساتھ لاڈلے والا اور دوسروں کے ساتھ سوتیلے والا سلوک ہوتا ہے۔انہوں ںے کہا کہ پی ٹی آئی کی ساری سیاست سہولت کاروں کے گرد گھومتی ہے جن کی باقیات عدلیہ میں موجود ہیں اور یہ ان پر تکیہ کیے بیٹھے ہیں، ایک شخص نے پاکستان کے قانون کو پاؤں تلے روندا لیکن اسے پانچ منٹ میں ضمانت مل جاتی ہے، اب انہوں نے جوڈیشل اسٹیبلشمنٹ تلاش کرلی ہے۔ن لیگی رہنما نے کہا کہ بشری بی بی نے توشہ خانہ کے تحائف بیچے، انہیں دبئی میں فروخت کیا گیا اگر آپ کا دامن داغ دار نہیں تو عدالت میں جواب دیں۔مریم نواز نے کہا کہ سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ عمران خان نے آئین توڑا مگر سزا دیے بغیر گھر جانے دیا، سرٹیفائیڈ آئین کو توڑنے والے کو سزا کیوں نہیں دی؟ آئین توڑنے والے پر تو آرٹیکل سکس لگتا ہے، کیوں عمران خان کے ساتھ لاڈلے والا سلوک ہوتا ہے؟ سپریم کورٹ کے فیصلے پر حکومت نے پٹیشن کیوں دائر نہیں کی؟ حکومت کا آئین توڑنے والے کے خلاف پٹیشن دائر نہ کرنا کمزوری ہے۔