شاہ محمود قریشی اتحادیوں کومنانے کیلئے متحرک
شیئر کریں
وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد آنے کے بعد اسے ناکام بنانے کے لیے وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی متحرک ہو گئے۔وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کے ہمراہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے وفد سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ایم کیو ایم رہنماں میں وفاقی وزیر فروغ نسیم، وفاقی وزیر امین الحق، جاوید حنیف، صادق افتخار شامل تھے۔ملاقات کے دوران وزیر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اہم پیغام متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماں کو پہنچایا۔اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔علاوہ ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مجھے توقع ہے اتحادی جماعتیں سیاسی فیصلہ کریں گی، میرے سیاسی حساب کتاب کے مطابق اتحادی جماعتوں کو ہمارا ساتھ دینا چاہئے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اتحادی جماعتیں اپنی شوری سے مشاورت کررہی ہیں، مجھے توقع ہے کہ اتحادی جماعتیں سیاسی فیصلہ کریں گی، میرے سیاسی حساب کتاب کے مطابق اتحادی جماعتوں کو ہمارا ساتھ دینا چاہئے، سیاسی مخالفت میں ذاتیات پر باتیں نہیں ہونی چاہیے، کسی کی ذات پر انگلی اٹھانا مناسب نہیں، وہ جملے ادا نہیں کرنے چاہئیں کہ کل کو آنکھ نہ ملا سکیں، میں اپنی پارٹی والوں سے بھی کہتا ہوں کہ تنقید فیصلوں پر کریں ذاتیات پر نہیں۔شاہ محمود قریشی کا نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے سندھ میں ایم کیو ایم کے ساتھ جو کیا وہ کسی سے پوشیدہ نہیں، اس جماعت نے کراچی کے عوام کے حقوق کے ساتھ جو کیا وہ بھی کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، ایم کیو ایم والے پیپلزپارٹی کے ڈسے ہوئے ہیں تاہم ہم نے ایم کیو ایم کو سینے سے لگایا، حکومت میں نمائندگی دی، ہم نے کراچی پیکج دیا حیدرآباد یونیورسٹی دی، اور مستقبل میں بھی ایم کیو ایم کے ساتھ چلنا چاہتے ہیں، ان کے ورکر یہ ساری باتیں سمجھتے ہیں۔