نواز شریف سے شہباز شریف کی اہم ملاقات، نیب کارروائیوں پر تبادلہ خیال
شیئر کریں
سابق وزیر اعظم نواز شریف سے وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے ان کی رہائش گاہ جاتی امرا میں اہم ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے پارٹی امور، سینٹ انتخابات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔مسلم لیگ (ن) کے ذرائع کے مطابق ملاقات میں نواز شریف کی دوبارہ نااہلی کے بعد خالی ہونے والے پارٹی صدارت کے منصب پر بھی بات چیت کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے خصوصا پنجاب میں نیب کی کارروائیوں اور سرکاری افسران کی پکڑ دھکڑ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے پنجاب میں کرپشن کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں تیزی آگئی ہے۔ نیب نے سرکاری آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں کرپشن کے الزام میں سابق ڈی جی لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) احد چیمہ کو گرفتار کیا جس کے بعد ان کی نشاندہی پر آشیانہ اسکیم کے ٹھیکیدار شاہد شفیق کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔ نیب نے گزشتہ ماہ آشیانہ سوسائٹی میں کرپشن پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو بھی طلب کرکے ڈیڑھ گھنٹے تک تفتیش کی تھی۔