شوکت بسرا اور صنم جاوید کوبھی الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی
شیئر کریں
سپریم کورٹ نے الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے شوکت بسرا اور صنم جاوید کو بھی الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔پاکستان تحریک انصاف کی نامزد امیدوار صنم جاوید کی جانب سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی گئی تھی جس کی جمعہ کو سماعت ہوئی۔اسی طرح شوکت بسرا نے بھی اپیل دائر کی تھی۔ اپیلوں میں درخواست گزاروں نے الیکشن ٹریبونلز کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی۔سپریم کورٹ نے دونوں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا اور حکم دیا کہ بیلٹ پیپرز پر دونوں امیدواروں کے نام اور انتخابی نشان شامل کیے جائیں۔واضح رہے کہ صنم جاوید کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 119، این اے 120 اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 150 سے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے تھے۔ دوسری جانب قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 163 سے شوکت بسرا نے بھی اپیل دائر کی تھی۔