میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
پیپلزپارٹی نے دھاندلی کرکے منفی سیاست کوآگے بڑھایا، حافظ نعیم الرحمان

پیپلزپارٹی نے دھاندلی کرکے منفی سیاست کوآگے بڑھایا، حافظ نعیم الرحمان

ویب ڈیسک
جمعرات, ۲۶ جنوری ۲۰۲۳

شیئر کریں

امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں شاندار کامیابی اور نمبر ون پارٹی کی حیثیت سے عوامی مینڈیٹ حاصل کر کے جماعت اسلامی نے کراچی میں جو انتخابی پیش رفت کی ہے اسے مستحکم کیا جائے گا ۔ میئر کے معاملے پر کوئی مفاہمت نہیں کی جائے گی ، میئر ہمارا ہی ہوگا ، آئندہ دنوں میں اتفاق رائے سے میئر بنانے کی سرگرمیوں اور کوششوں کے ساتھ ساتھ عوامی رابطہ مہم شروع کی جائے گی اور کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کے جائز اور قانونی حقوق کے حصول اور مسائل کے حل کی جدو جہد جاری رہے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ادارہ نور حق میں الیکٹرانک میڈیا اور مختلف نیوز چینل سے وابستہ بیوروچیف کی ایک نشست سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر نائب امیر کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی اور قائم مقام سیکریٹری اطلاعات صہیب احمد بھی موجودتھے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے بلدیاتی انتخابات کے بعد پیدا شدہ صورتحال اور کراچی کے عوام کے مسائل اور موجودہ و ماضی کی حکومتوں کے کردار کے حوالے سے سینئر صحافیوں سے تبادلہ خیال کیااور کہا کہ اگر کراچی میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات ہوتے تو پیپلز پارٹی کی یہاں 70سے بھی کم سیٹیں ہوتیں ۔ پیپلز پارٹی اورسندھ حکومت نے پہلے دیہی حلقہ بندیوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ کر کے اور پھر حکومتی مشینری و اختیارات اور انتخابی عملے کے ذریعے نتائج میں ہیر پھیر کر کے انتخابی دھاندلی کی ،پیپلز پارٹی نے تہہ در تہہ انتخابی دھاندلی کر کے جاگیردارانہ منفی سیاست کو آگے بڑھایا ہے، من پسند نتائج حاصل کر کے وہ کراچی میں اپنا میئر لانے کا خواب دیکھ رہی ہے ۔ جماعت اسلامی متفقہ میئر کی جوبات کررہی ہے وہ اپنے پارٹی مفادات کے لیے نہیں بلکہ کراچی کی تعمیر و ترقی کے لیے کر رہی ہے ۔ جماعت اسلامی ان تمام قوتوں سے بھی کہتی ہے جو انتخابات پر اثر انداز ہوتی ہیںکہ مصنوعی طریقے سے کسی کو آگے لانے اور کسی کو پیچھے کرنے کا عمل کسی بھی طرح نہ صرف مناسب ہے اور نہ کراچی کے مفاد میں ہے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کا رویہ و طرزِ عمل اور انداز سیاست کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کے مسائل کے حل اور جائز اور قانونی حقوق کے حصول کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکنان اپنے وقت اور مال کی قربانی دے کر انتخابی مہم چلاتے ہیں ۔ ہمارے پاس باصلاحیت افراد کی ٹیم ہے اور میڈیا کے حوالے سے بھی کروڑوں اور اربوں روپے کا کام بالکل مفت ان ہائوس پروڈکشن کے طور پر کرتے ہیں ، ہمارے داخلی نظام میں مالیاتی اور انتظامی طور پر احتساب کا پورا نظام موجود ہے ۔ امیر شہر سمیت تمام امراء و ذمہ داران متعلقہ ارکان کو جوابدہ ہیں۔ جماعت اسلامی میں مشاورت کا پورا نظام بھی موجود ہے ۔ حالیہ انتخابی پالیسی کی مرکزی مجلس عاملہ نے بھی توثیق کی ہے ۔ جماعت اسلامی پوری یکسوئی اور اعتماد کے ساتھ کراچی میں اپنے آگے بڑھتے ہوئے قدم مزید تیز اور جو پیش رفت حاصل کی ہے اسے مستحکم کرے گی ۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں