آئی ایم ایف کے دومطالبات تسلیم، حکومت بجلی مہنگی کرنے پر تیار
شیئر کریں
پاکستان نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے 4 بڑے مطالبات میں سے 2 مان لیے ،حکومت بجلی کی قیمت بڑھانے پر تیار ہوگئی۔ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف اور پاکستان کے بیل آوٹ پیکیج پر مذاکرات ہوئے جس میں چار بڑے مطالبات میں سے دوپر اتفاق ہوگیا۔ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے روپے کی قدر کے تعین سے متعلق پاکستانی موقف تسلیم کرلیا۔ مذاکرات میں ٹیکس وصولیوں کے ہدف اور بینکوں کے قرضوں پر شرح سود بڑھانے کے لیے آئی ایم ایف کے مطالبات پر اتفاق نہ ہوسکا۔ذرائع کے مطابق روپے کی قدر کنٹرول کرنے کی پاکستان کی پالیسی جاری رہے گی،اسلام آباد کو اقتصادی پیکیج کے حوالے سے اب آئی ایم ایف کے جواب کا انتظار ہے ۔مذاکرات میں پاکستان نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے لیے آئی ایم ایف کا مطالبہ تسلیم کرلیا جبکہ ریونیو وصولیوں کے ہدف کے بارے میں پاکستان نے عالمی مالیاتی ادارے کا مطالبہ تسلیم نہیں کیا اور موقف اپنایا کہ رواں مالی سال کے دوران ٹیکس وصولیوں کا ہدف 4400 ارب سے نہیں بڑھایا جائے گا۔ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کا وفد جنوری 2019ء کے پہلے ہفتے میں پاکستان آئے گا،وفد کے نہ آنے کی صورت میں ویڈیو کانفرنس پر مذاکرات ہوں گے ۔