وزیراعظم کی پیپلز پارٹی کے تحفظات دور کرنے کی ہدایت
شیئر کریں
وزیر اعظم شہباز شریف نے اتحادی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے تحفظات دور کرنے کی ہدایت کر دی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت ماڈل ٹاؤن لاہور میں مشاورتی اجلاس ہوا جس میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے بھی شرکت کی۔رپورٹ کے مطابق اجلاس میں پیپلزپارٹی کے تحفظات، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے آج کے احتجاج اور مجموعی سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔یاد رہے کہ 2روز قبل شہباز شریف نے پیپلز پارٹی کے ساتھ تعاون اور مسائل کے حل کے لیے 11رکنی کمیٹی قائم کی تھی، کمیٹی کے اراکین میں نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام، مشیر وزیراعظم رانا ثنا اللہ، اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان، سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب شامل تھے ۔اس کے علاوہ سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق، گورنر بلو چستان جعفر خان مندوخیل اور بشیر احمد میمن بھی کمیٹی کے اراکین میں شامل ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے کمیٹی کو پیپلز پارٹی کے ساتھ تفصیلی مشاورت کی ذمہ داری سونپ دی، کمیٹی پیپلز پارٹی کی کمیٹی سے بات چیت کرکے آئندہ کے لائحہ عمل طے کرے گی۔جب کہ اس پیش رفت سے 2 روز قبل (20نومبر) کو پاکستان پیپلزپارٹی نے وفاق سے تحفظات کے حوالے سے مذاکرات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی تھی۔کمیٹی میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، راجا پرویز اشرف، نوید قمراور سینیٹر شیری رحمن، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی،گورنر پنجاب سلیم حیدر اور گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے علاوہ اور حیدر گیلانی کو بھی کمیٹی میں شامل کیا گیا۔ذرائع نے بتایا تھا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی کو وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی پیشکش کی گئی، بلاول بھٹو نے موجودہ حالات میں وزیر اعظم سے ملاقات سے معذرت کر لی تھی۔