میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
فیصل واوڈا کاجھوٹا حلف نامہ جمع کرانے کا اعتراف،تاحیات نااہلی پانچ سال میں تبدیل

فیصل واوڈا کاجھوٹا حلف نامہ جمع کرانے کا اعتراف،تاحیات نااہلی پانچ سال میں تبدیل

جرات ڈیسک
جمعه, ۲۵ نومبر ۲۰۲۲

شیئر کریں

سپریم کورٹ آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما اور وفاقی وزیر محمد فیصل واوڈا کی آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت تاحیات نا اہلی ختم کر دی۔ جبکہ عدالت نے قرار دیا ہے کہ آرٹیکل 63 کے تحت فیصل واوڈا کی نااہلی پانچ سال کے لئے ہو گی۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطابندیال کی سربراہی میں جسٹس سید منصور علی شاہ اور جسٹس عائشہ اے ملک پر مشمتل تین رکنی خصوصی بینچ نے فیصل واوڈا کی تاحیات نااہلی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے گزشتہ روز فیصل واوڈا کو جمعہ کے روز طلب کیا تھا اوران سے امریکی شہریت چھوڑنے کے حوالے سے حاصل کردہ سرٹیفیکیٹ بھی طلب کیا تھا اور بیان حلفی کے حوالہ سے بھی وضاحت طلب کی تھی۔ جمعہ کے روز فیصل واوڈ اعدالت میں پیش ہوئے۔ جب کیس کی سماعت شروع ہوئی تو عدالت نے فیصل واوڈا کو روسٹرم پر طلب کیا اور کہا کہ جب آپ نے 2018 کا الیکشن لڑا اس وقت دُہری شہریت نہیں چھوڑی تھی تاہم اپلائی کیا تھا اور جو پاسپورٹ جمع کروایا تھا ایکسپائر تھا اور اس پر منسوخ کی مہر لگی تھی، آپ نے کہا کہ آپ کے پاس دُہری شہریت نہیں ہے، لیکن اس وقت تک آپ کے پاس دُہری شہریت موجود تھی، لہذا اس کے دو ہی نتائج ہیں پہلا یہ کہ آپ کو آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت تاحیات نااہل کیا جاتا ہے اوردوسرا اگر آپ مستعفیٰ ہو جاتے ہیں تو پھر عدالت آپ کی پانچ سال کے لیے نااہلی کرسکتی ہے، لہذاآپ کو یہ رعایت دی جاسکتی ہے، آپ خود تسلیم کر لیں۔ عدالت کا کہنا تھا کہ ہم اراکین پارلیمنٹ کو شرمندہ نہیں کرنا چاہتے لیکن جو پارلیمنٹرینز ہیں ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ جو بھی ڈکلیئریشن دیتے ہیں اور دستاویزات جمع کرواتے ہیں وہ سچے ہونے چاہیں، ان میں کسی بھی طریقہ سے کوئی جھوٹ کا عنصر بھی نہیں ہونا چاہیئے اور غیر ارادی طور پر ایسا نہیں ہونا چاہیئے جس سے یہ لگے کہ جھوٹ بولا گیا۔ اس پر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ میں عدالت سے غیر مشروط معافی مانگتا ہوں، میری کوئی ایسی نیت نہیں تھی کہ میں اپنی دوہری شہریت چھپاتا۔عدالت نے فیصل واوڈا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے غلط بیانی کی اور پھر تین سال تک اس پر ڈٹے رہے، یہ عدالت کسی بھی صورت معاف نہیں کرے گی،لہذاآپ کے پاس آپشن ہے کہ آپ مستعفیٰ ہو جائیں توعدالت آپ کی تاحیات نااہلی ختم کردے گی، عدالت کسی کو سزادینے کا ارادہ نہیں رکھتی، لیکن عدالت اس کو بھی نذرانداز نہیں کرسکتی کہ جواراکین پارلیمنٹ ہیں وہ غلط بیانی کریں ۔ فیصل واوڈا نے عدالت میں بیان دیا کہ وہ غیر مشروط معافی مانگتے ہیں اور اپنی سینیٹ کی نشست سے مسعتفیٰ ہونے کاا علان کرتے ہیںاوراپنے آپ کو عدالت کے رحم وکرم پر چھوڑتے ہیں۔اس پر عدالت نے ان کی تاحیات نااہلی ختم کردی اور انہیں پانچ سال کے لئے نااہل قراردے دیا۔ فیصل واوڈا نے بار، بار کہا کہ عدالت جو حکم کرے۔ اس پر عدالت کا کہنا تھا کہ ہم کوئی حکم نہیں دیں گے یہ آپ کی صوابدیدہے یا توآپ آرٹیکل 62ون ایف کے تحت نتائج بھگتیں جوتاحیات نااہلی ہے یاآپ مستعفیٰ ہونے کااعلان کریں ۔ اس پر فیصل واوڈا نے روسٹرم پر آکر کہا کہ وہ سینیٹ رکنیت سے مستعفیٰ ہونے کا اعلان کرتے ہیں۔اس پر عدالت نے فیصل واوڈا نااہلی کیس نمٹا دیا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں