عالمی امن کے فروغ کیلئے ہماری قربانیاں دنیا کے سامنے ہیں، آرمی چیف
ویب ڈیسک
پیر, ۲۵ اکتوبر ۲۰۲۱
شیئر کریں
پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے اقوامِ متحدہ کی 76 ویں سالگرہ کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا بیان جاری کیا ۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاک فوج امن کے لیے خدمات میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے، ہمارے جوانوں نے ہر آزمائش کی گھڑی میں قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی امن کے فروغ کے لیے ہماری قربانیاں دنیا کے سامنے ہیں، ہماری قربانیاں بابائے قوم کے وژن کے مطابق ہیں۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ ہماری قربانیاں عالمی امن کے ہمارے غیر متزلزل عزم کی عکاس ہیں۔