اسلام آباد ہائی کورٹ آن لائن گیم پب جی کو فوری کھولنے کا حکم
شیئر کریں
اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی اے کا پابندی کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے آن لائن گیم پب جی کو فوری کھولنے کا حکم دے دیا۔ جمعہ کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے پب جی پر پابندی کے خلاف محفوظ فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے پی ٹی اے کا پب جی پر پابندی کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا پی ٹی اے پب جی گیم کو فوری کھول دے۔ ا س کے علاوہ اپنے فیصلے میں عدالت عالیہ نے آن لائن گیم سے متعلق پی ٹی اے کو سات روز میں دوبارہ فیصلہ کرنے کا حکم دیا جبکہ پب جی کے خلاف شکایات کی تفصیلات اور اس پر پابندی کی وجوہات بھی طلب کر لیں۔خیال رہے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی نے آن لائن گیم پب جی پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔ پی ٹی اے نے یہ فیصلہ لاہور ہائیکورٹ کی ہدایت کی روشنی میں 9 جولائی کو کی گئی تفصیلی سماعت کے بعد کیا۔پی ٹی اے نے پب جی کی انتظامیہ سے پب جی کے سیشنز، پاکستان میں استعمال کنندگان کی تعداد اور کمپنی کی طرف سے نافذ کردہ کنٹرولز کی تفصیلات طلب کی تھیں تاہم پب جی کی طرف سے جواب موصول نہیں ہوا۔