امریکی الزام تراشی ڈومور کے مطالبات مسترد، افغانستان میں بیٹھے دہشتگردوں کو نشانہ بنایا جائے، آرمی چیف
شیئر کریں
اسلام آباد (بیورو رپورٹ) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے ا مریکا اور افغانستان کے بعض حلقوں کی جانب سے پاکستان پر الزام تراشی کو یکسر مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ بے بنیاد الزامات اور ڈی مور کے مطالبات دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور کردار کی نفی ہے، یہ ہرگز اتفاق نہیں کہ ایسی الزام تراشیاں اس وقت کی جارہی ہیں جب امریکا پاکستان کے حوالے سے ا پنی پالیسی کا جائزہ لے رہا ہے، انہوں نے پاکستان کی فوجی امداد روکے جانے پر بھی افسوس کا اظہار کیاترجمان پاک فوج کے مطابق وہ امریکا کے افغانستان میں ریزولوٹ سپورٹ مشن میں تعینات کمانڈر جنرل جان نکلسن سے بات چیت کر رہے تھے جنھوںنے پیر کو جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور آرمی چیف سے ملاقات کی، ملاقات میں خطے کی سیکورٹی کی صورت حال اور بارڈر مینجمنٹ کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف نے افغانستان اور امریکا میں بیٹھے چند عناصر کی جانب سے پاکستان پر الزام تراشی پر تشویش کاا ظہار کیا اور واضح کر دیا کہ اس قسم کی الزام تراشیاں پاکستان کی دہشتگردی کے خلاف جاری کوششوں کو خطرے میں ڈال رہی ہے، جنرل باجوہ نے یہ بھی واضح کر دیا کہ اشتعال کے باوجود پاکستان مثبت انداز میں دہشتگردی کے خلاف کوششیں جاری رکھے گا ،جنرل نکلسن نے کہا کہ پاک فوج ایک پیشہ وارانہ فورس ہے جس سے تعاون جاری رہے گا، دونوں اعلیٰ فوجی افسران نے پاکستان اور امریکا کے درمیان خطے میں امن وسلامتی کیلئے کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا، ملاقات میں پاکستان میں امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل بھی موجود تھے۔ دفاعی ذرائع کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے واضح کیا کہ پاکستان افغانستان میں امن چاہتا ہے اور بارڈر مینجمنٹ کا مقصد دہشت گردوں کی آمد و رفت روکنا ہے، مگر افغان حکومت تعاون کرنے کی بجائے الزام تراشی کر رہی ہے اس سے دہشت گردی کے خاتمے کے مقاصد حاصل نہیں ہونگے۔ انہوں نے ایک بار پھر افغانستان میں بیٹھے ہوئے دہشت گردوں کو نشانہ بنانے پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے پاک افغان سرحد کے قریب آپریشن خیبر فور شروع کیا ہے اور تمام تر مشکلات کے باوجود اس آپریشن میں ہمیں کامیابیاں مل رہی ہیں، انہوں نے یہ بھی واضح کر دیا کہ پاکستان دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں کر رہا ہے، حقانی گروپ ہو یا کوئی اور ہم نے سب کے خلاف کارروائی کی ہے اور پاکستان میں دہشت گردوں کے کوئی محفوظ ٹھکانے اب باقی نہیں رہے ،اس حوالے سے امریکی وزیر دفاع کے بیان پر بھی انہوں نے افسوس اور تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان کی فوجی امداد کو حقانی نیٹ ورک کے خلاف کاروائی سے مشروط کر نا کسی طور مناسب نہیں، کیونکہ پاکستان میں حقانی نیٹ ورک کے حوالے سے امریکی رپورٹ میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے ڈو مور کے مطالبات کو بھی رد کر دیا اور کہا کہ پاکستان کا کردار اور قربانیاں ساری دنیا کے سامنے ہیں۔