وفاقی وزیر علی محمد مہر کے انتقال کا سوگ ، قومی اسمبلی کا اجلاس بغیر کارروائی کے پیر تک ملتوی
ویب ڈیسک
هفته, ۲۵ مئی ۲۰۱۹
شیئر کریں
وفاقی وزیر علی محمد مہر کے انتقال کے سوگ میں قومی اسمبلی کا اجلاس بغیر کسی کارروائی کے ملتوی کر دیا گیا۔ تعزیتی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کر لی گئی۔ اجلاس پیر کو دوپہر دو بجے تک ملتوی کر دیا گیا ہے ۔ گزشتہ روز قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر اسد قیصر کی صدارت میں ہوا۔ متحدہ مجلس عمل کے رکن مولانا عبدالواسع نے علی محمد مہر مرحوم کے لیے دعا کرائی۔ وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے تعزیتی قرارداد پیش کی جس میں علی محمد مہر کی سیاسی اور ملک و قوم کے لئے خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، مولانا عبدالاکبر چترالی، خواجہ محمد آصف اور دیگر ارکان نے علی محمد مہر مرحوم کی خدمات کو اجاگر کیا۔ سپیکر اسد قیصر نے روایت کے مطابق اجلاس بغیر کسی کارروائی کے ملتوی کر دیا۔