صدرڈاکٹر عارف علوی کی قوم کوکو رمضان آمد پر مبارکباد
شیئر کریں
صدرڈاکٹر عارف علوی نے پوری قوم اور ملت اسلامیہ کوکو رمضان المبارکی آمد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ وائرس سے بچائو کیلئے طبی ماہرین کی ہدایات کے مطابق احتیاط برتنا ہی فی الوقت اس کی روک تھام کا واحد طریقہ ہے ،اس لیے ہمیں رمضان المبارک میں پرہیزگاری کی صفت کو اختیار کرتے ہوئے اس موذی وائرس کے پھیلائوکو روکنے کی کوشش کرنی ہے ۔ جمعہ کو صدرڈاکٹر عارف علوی نے رمضان المبارک کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہاکہ میں رمضان المبارک کی آمد پر پوری قوم اور ملت اسلامیہ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، اللہ تعالیٰ کا فضل و کرم ہے کہ ہمیں اس نے ایک مرتبہ پھر رمضان المبارک کے فیوض و برکات سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ رمضان کے روزے اللہ تعالیٰ نے اس لیے فرض کیے ہیں تاکہ ہمارے اندر تقویٰ کی صفت پیدا ہو، تقویٰ کا مطلب پرہیزگاری ہے یعنی جیسے ہم اپنی عملی زندگی میں خاردار راستے پر بچتے ہوئے گزرنے کی کوشش کرتے ہیں بالکل اسی طرح مومن کو دنیا میں ان چیزوں سے بچتے رہنا چاہیے جن سے اللہ تعالیٰ نے بچنے کا حکم دیا ہے ، رمضان المبارک اسی محتاط زندگی کی تربیت کا مہینہ ہے ، مزید براں ، اس ماہِ مبارک میں بھوک اور پیاس کے ذریعے انسان کو جہاں غریبوں ، ناداروں اور مفلوک الحال طبقات کے مسائل کا احساس دلانا مقصود ہے ، وہیں اس کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ معاشی اور غیر معاشی ، ہر سطح پر انصاف کو فروغ دیا جائے تاکہ معاشرے میں توازن پیدا کرکے بگاڑ کا ہر راستہ بند کر دیا جائے ، اس وقت کرونا وائرس کے حوالے سے ساری دنیا پریشان ہے اور تمام ممالک ہنگامی بنیادوں پر اس وبا کی روک تھام کیلئے کوشاں ہیں،اس وائرس سے بچائو کیلئے طبی ماہرین کی ہدایات کے مطابق احتیاط برتنا ہی فی الوقت اس کی روک تھام کا واحد طریقہ ہے ،اس لیے ہمیں رمضان المبارک میں پرہیزگاری کی صفت کو اختیار کرتے ہوئے اس موذی وائرس کے پھیلائوکو روکنے کی کوشش کرنی ہے ،سماجی فاصلے اور حفظان صحت کے اصولوں کو اختیار کرنا ہے ، عبادات کی انجام دہی کو ہر ممکنہ حد تک محفوظ ماحول میں یقینی بنانا ہے ۔ ضرورت مندوں اور دیہاڑی دار طبقے کا خصوصی خیال رکھنا ہے اور اللہ تعالیٰ کے روبرو اس وبا سے نجات کیلئے مصروف دعا رہنا ہے ،انشااللہ، ہم سب مل کر اس چیلنج کا مقابلہ کرنے میں کامیاب ہوں گے ۔