موسم تبدیل ہوتے ہی بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ شروع
شیئر کریں
موسم تبدیل ہوتے ہی کراچی میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا آغاز ہو گیا، متعدد علاقوں کے مکین لوڈشیڈنگ سے پریشان ہیں، آنے والی گرمیوں کا سوچ کر ابھی سے کانوں کو ہاتھ لگا لیے۔موسم کی تبدیلی عموماً کراچی والوں کی طبیعت پر بھاری ہی پڑتی ہے اور اگر بات ہو سردی سے گرمی میں داخل ہونے کی تو ایسے میں بجلی کی اضافی لوڈشیڈنگ زندگی مزید دشوار بنادیتی ہے۔ یہی حال کراچی والوں کا اس بار بھی ہے، کے الیکٹرک نے بہتری کے دعوے خوب کیے لیکن ابھی گرمی مکمل آئی نہیں اور غیر اعلانیہ بجلی بندش شروع کردی گئی۔گرمی آب و تاب سے آنے کو ہے، کراچی کے شہری ابھی سے بجلی کی سہولت سے محروم ہونے لگے۔کے الیکٹرک کا کراچی کے زیادہ بجلی چوری والے علاقوں میں زیادہ سے زیادہ ساڑھے سات گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا دعویٰ ایک بار پھرغلط ثابت ہونے لگا۔ ابھی مکمل طور پر گرمی کا موسم بھی نہیں آیا لیکن شہرمیں بجلی بندش میں واضح اضافہ دیکھاجانے لگا، کے الیکٹرک حکام نے موسم گرما کی مکمل تیاری کا دعویٰ کیا تھا۔تاہم مارچ کے آغاز سے ہی کے الیکٹرک کی جانب سے تکنیکی خرابی اور مرمت کے نام پر اور اکثر بن بتائے طویل بجلی بندش کی جانے لگی۔ لیاقت آباد، لائنزایریا، پی آئی بی کالونی، ملیر سٹی سمیت متعدد علاقوں کے مکین لوڈشیڈنگ سے پریشان ہیں۔ آنے والی گرمیوں کا سوچ کر ابھی سے کانوں کو ہاتھ لگا لیے۔ صورتحال شہریوں کے لیے پریشان کن ہے لیکن ترجمان کے الیکٹرک لوڈشیڈنگ میں اضافے کی نفی کرتے ہیں۔