زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 50 ہزار سے متجاوز، ترکیہ میں گھروں کی تعمیر شروع
شیئر کریں
ترکیہ میں رواں ماہ آنے والے تباہ کن زلزلے کے بعد گھروں کی تعمیر نو پر کام شروع کر دیا جبکہ ترکیہ اور شام میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کر گئی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی منیجمنٹ اتھارٹی (اے ایف اے ڈی) نے بتایا کہ جمعہ کی رات تک ترکیہ میں زلزلے کی وجہ ہونے والے ہلاکتوں کی تعداد 44 ہزار 218 تک پہنچ گئی۔رپورٹ کیمطابق شام نے زلزلے سے اب تک ہلاکتوں کی تعداد 5 ہزار 914 بتائی ہے، دونوں ممالک میں مجموعی طور پر اموات 50 ہزار سے زائد ہو چکی ہیں۔ترکیہ میں چند مہینوں میں انتخابات ہونے ہیں، ترک صدر رجب طیب اردوان نے وعدہ کیا ہے کہ ہم زلزلے کے نتیجے میں تباہ یا ناقابل استعمال ہوجانے والے تمام گھروں، کام کی جگہوں کو دوبارہ تعمیر کریں گے اور انہیں ان کے حقیقی مالکان کے حوالے کریں گے۔ایک حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ متعدد منصوبوں کے کنٹریکٹ دیے جا چکے ہیں، یہ عمل تیزی سے جاری ہے، مزید کہا کہ سیفٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔حکام نے بتایا کہ بے گھر ہونے والے افراد کے لیے خیمے بھیج دیے گئے ہیں لیکن لوگوں نے ٹینٹس ملنے میں مشکلات کو رپورٹ کیا۔67 سالہ میلک نے حسہ ٹاؤن میں اسکول کے باہر امداد ملنے کی قطار میں اپنی باری کا انتظار کرتے ہوئے بتایا کہ میرے 8 بچے ہیں، ہم ایک خیمے میں رہ رہے ہیں، جس کی چھت پر پانی ہے جبکہ زمین بھی تھوڑی گیلی ہے، ہم مزید خیموں کا مطالبہ کررہے ہیں جو ہمیں نہیں دیے جارہے۔