پیمرا کی سالانہ کارکردگی رپورٹ برائے 2015-18جاری کر دی گئی
شیئر کریں
پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی( پیمرا )نے سالانہ کارکردگی رپورٹ برائے مالی سال 2015-2018 جاری کر دی۔
چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ نے ایوانِ صدر میں صدرِ پاکستان جناب ڈاکٹر عارف علوی کو رپورٹ پیش کی ۔ پیمرا (ترمیمی) ایکٹ 2007کے سیکشن 17کے تحت اتھارٹی ہر مالی سال کے لیے سالانہ مالیاتی رپورٹ شائع کرنے اور صدرِمملکت کو پیش کرنے کا پابند ہے۔
یہ رپورٹ جامع طور پر مالی سال 2015-2018کے دوران اتھارٹی کی کارکردگی کا ایک مکمل جائزہ ہے۔رپورٹ میں دیے گئے سروے کے مطابق پاکستان میں 65فیصد ناظرین کیبل ٹی وی، 25فیصدٹیرسٹریل اور 9فیصد سیٹلائٹ ڈش کے ذریعے ٹی وی ٹرانسمیشن تک رسائی حاصل کرتے ہیں۔
پیمرا نے ابھی تک مقامی سیٹلائٹ ٹی وی کیلئے 88لائسنس جاری کیے ہیں جن میں سے 37تفریحی، 26نیوزوکرنٹ افیئرز، 18علاقائی،4تعلیمی، 1صحت، 1کھیل اور ایک زرعی ٹی وی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 35غیرملکی چینلز کو لینڈنگ رائٹ پرمیشن بھی دی گئی ہے۔ اسی طرح 4,060کیبل ٹی وی، 6ایم ایم ڈی ایس ، 4آئی پی ٹی وی، 5موبائل ٹی وی اور ایک موبائل آڈیولائسنس جاری کیے گئے ہیں جو کہ تعلیم، تفریح اور معلومات کے فروغ کیلئے نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق الیکٹرانک میڈیامیں سرمایہ کاری کے لیے نئے راستے کھلے ہیں ۔ ایک محتاط تخمینہ کے مطابق 2002ء سے اب تک الیکٹرانک میڈیاسیکٹر کے مختلف شعبوں میں 7ارب امریکی ڈالرکی مجموعی سرمایہ کاری دیکھی گئی ہے اور پانچ لاکھ سے زائد لوگوں کو روزگار بھی ملاہے۔
اگر یہی رفتارجاری رہی تومالی سال 2019-20کے اختتام تک یہ سرمایہ کاری مزید بڑھ جائے گی اور ذرائع ابلاغ سے وابستہ دوسرے کاروبار جیسے پروڈکشن ہاؤسز، ایڈورٹائزنگ ایجنسیوں، موسیقی اور پرفارمنگ آرٹس کیلئے نئی جہتوں کو جنم دے گی۔ پیمرا رپورٹ کے مطابق عملی سرگرمیوں میں الیکٹرانک میڈیا ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پرمختلف ٹی وی چینلز کو618 اظہارِ وجوہ کے نوٹسزاور انتباہ جاری کیے گئے ہیں
اور سز ا کے طور پر 25پروگراموں/اشتہارات پر پابندی عائد کی گئی ہے،13ٹی وی چینلزکے لائسنس معطل اور 106.53ملین روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔پیمرا نے اس عرصہ کے دوران 18,494کیبل ٹی وی نیٹ ورکس کا معائنہ کیا اور1,967سسٹم ضبط کیے گئے اور 13.656ملین روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
کیبل نیٹ ورک پر 80کے قریب مختلف غیر ملکی چینلز بند کر دیے گئے جو کہ غیر قانونی طور پر نشر کیے جا رہے تھے۔ پیمرا انفورسمنٹ ٹیموں نے ایف آئی اے اور کسٹم انٹیلی جنس کے تعاون سے 11,651غیرقانونی انڈین ڈی ٹی ایچ اور سی لائن (C-Line) کے آلات ضبط کیے ،اس غیر قانونی سامان کو ذخیرہ کرنے والے 386گودام بند کیے گئے اور اس غیر قانونی سامان کے 13 اسمگلروں کے خلاف ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں۔
آج کے دور میںالیکٹرانک میڈیا پاکستان میں سب سے تیزی سے بڑھتی ہوئی اور مسابقتی شعبوں میں سے ایک ہے ۔ یہ رپورٹ قارئین کوپاکستان میں الیکٹرانک میڈیا کے میدان میں پیمرا کی کارکردگی، اقدامات، ریگولیٹری چیلنجز اور ابھرتے رجحانات اور ٹیکنالوجی کے بارے میں آگاہی فراہم کرے گی۔