میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
کے فور منصوبہ ،وفاق اور سندھ کو نوٹس جاری

کے فور منصوبہ ،وفاق اور سندھ کو نوٹس جاری

ویب ڈیسک
پیر, ۲۵ جنوری ۲۰۲۱

شیئر کریں

سندھ ہائی کورٹ نے کے فور منصوبہ کی عدم تکمیل پر وفاقی وزارت ترقی و منصوبہ بندی اور سندھ حکومت کو نوٹس جاری کر دیئے ۔پیرکو کراچی میں پانی کی قلت اور کے فور منصوبہ کی عدم تکمیل سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔ درخوست گزار نے عدالت کو بتایا کہ کے فور منصوبہ فنڈز کی کمی کی وجہ سے التوا کا شکار ہے ۔درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ کراچی والے پینے کے پانی کو ترس رہے ہیں۔ سندھ اور وفاق کے درمیان تنازعات کا خمیازہ کراچی والے بھگت رہے ہیں۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ وزراء صرف بیانات دیتے ہیں کہ ترقیاتی منصوبے تیزی سے مکمل ہوں گے ۔سماعت کے بعد عدالت نے وفاقی وزارت ترقی و منصوبہ بندی اور سندھ حکومت کو نوٹس جاری کر دیئے ۔ وفاقی حکومت سے کے فور منصوبے کی تفصیلات اور جواب طلب کرلیا۔واضح رہے کہ کراچی کو 650 ملین گیلن یومیہ(ایم جی ڈی)اضافی پانی کی فراہمی والے اس کے فور منصوبے کا آغاز سال 2002 میں ہوا تھا اور اس حوالے سے ڈیزائن اور فیزیبلٹی رپورٹ کی تیاری کے لیے کنسلٹنسی کا ٹھیکہ میسرز عثمانی اینڈ کمپنی لمیٹڈ کو دیا گیا تھا۔اسٹڈی سال 2007 میں مکمل ہوئی تھی لیکن کنسلٹنسی کمپنی نے 9 میں سے 8 مجوزہ روٹس کو فائنل کیا تھا۔ منصوبے کو تین مرحلوں میں بانٹا گیا تھا اور پہلے مرحلے میں 260 ملین گیلن پانی روزانہ فراہم کیا جانا تھا۔ منصوبے کے دوسرے مرحلے میں 260 ایم جی ڈی اور تیسرے میں 130 ایم جی ڈی پانی کی فراہمی کی جانی تھی۔منصوبے کی ابتدائی لاگت 25 ارب روپے تھی۔ سال2011 میں منصوبے کا پی سی ون تیار کیا گیا جس کی منظوری قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی نے سال2014 میں دی۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو منصوبے خرچہ یکساں طور پر اٹھانا تھا۔سال 2016 میں سندھ حکومت نے ایف ڈبلیو او کو کام کا ٹھیکہ دیا تاہم منصوبہ پر کام ڈیزائن میں نقص کی وجہ سے اگست 2018 میں روک دیا گیا۔ سال 2019 میں سندھ حکومت نے نیشنل انجینئرنگ سروسز پاکستان(نیسپاک)کو کے فور کے ڈیزائن پر نظر ثانی کے لیے مقرر کیا۔کام میں تاخیر کا جائزہ لینے کے لیے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی جس کی رپورٹ میں اس وقت کے سیکریٹری بلدیات کے بقول کنسلٹنٹ میں قابلیت کا فقدان تھا جس کے سبب کے فور کی ناقص منصوبہ بندی کی گئی۔رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ روٹ نمبر 8 کا چنا غلط کیا گیا تھا جبکہ تین دیگر روٹس زیادہ موزوں تھے ۔ نیسپاک نے ڈیزائن پر اپنی نظر ثانی کی رپورٹ بھی دی جس کے مطابق چنا گیا ڈیزائن غیر موزوں تھا۔ سندھ حکومت نے اکتوبر 2019 میں نیسپاک کی رپورٹ کی روشنی میں مسئلے کے حل کے لیے ایک تکنیکی کمیٹی قائم کی۔کمیٹی کے سربراہ اس وقت کے سیکریٹری بلدیات روشن علی شیخ تھے جنہوں نے اس مقصد کے لیے ایک سب کمیٹی بنادی تھی۔دونوں کمیٹیوں نے کنسلٹنٹ اور نیسپاک کے ساتھ 6 اجلاس منعقد کیے جس کے دوران کنسلٹنسی کمپنی اور نیسپاک کے نمائندوں کے مابین گرما گرم بحث بھی دیکھنے میں آئی تاہم ان میٹنگز کا کوئی مثبت نتیجہ برآمد نہ ہوسکا اور کے فور منصوبہ تعطلی کاشکار ہی رہا۔ جولائی 2020 میں سندھ کابینہ نے فیصلہ کیا کہ کنسلٹنسی کمپنی ڈیزائن پر نظر ثانی کرکے نیسپاک کے بتائے گئے نقائص دور کرے گی۔اب کوآرڈینیشن کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ منصوبے کو واپڈا کے حوالے کردیا جائے ۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں