میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
قائد کا پیغام :محنت اور صرف محنت

قائد کا پیغام :محنت اور صرف محنت

منتظم
هفته, ۲۴ دسمبر ۲۰۱۶

شیئر کریں

”آئیے اب ہم اپنی عظیم الشان قوم اور خود مختار مملکت پاکستان کی تجدید کے لیے‘ تشکیل تازہ کے لیے اور تعمیر نو کے لیے منصوبہ بنائیں‘ تدبیریں کریں۔ آپ کو علم ہے کہ ہماری یہ عظیم الشان قوم اور خود مختار مملکت دنیا میں سب سے بڑی مسلم مملکت ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کی بڑی آزاد مملکتوں اور ملکوں میں پانچواں بڑا ملک ہے۔ یہ وقت ہے‘ قسمت ہے اور موقع ہے جو ہر مسلمان کو مل گیا ہے خواہ مرد ہو خواہ عورت‘ کہ ان میں سے ہر ایک بھرپور جدوجہد کرے‘ بہترین خدمات انجام دے‘ بڑی سے بڑی قربانی دے‘ انتھک محنت کرے اور اپنی قوم کو اور پاکستان کو دنیا کی عظیم ترین قوموں اور ملکوں کی صف میں پہنچا دے۔
اس وقت جب کہ افقِ آسمانی پر ہر طرف تاریک بادل چھائے ہوئے ہیں میں آپ سے اپیل کرتا ہوں اور آپ کے ذریعے پوری پاکستانی قوم کو یہ پیغام دیتا ہوں کہ سرجوشی و سرگرمی پیدا کرو‘ اپنے جذبے کو دوبالا کرو اور اپنی اس مہم کو سر کرنے کے لیے حوصلہ مندی کے ساتھ اپنے دلوں کو امیدوں سے لبریز رکھ کر آگے بڑھو اپنے قدم بڑھاﺅ۔ ہم سب یقینا اپنا کام مکمل کرکے رہیں گے۔ کیا ہم لوگ افسردہ دل و پژمردہ حال ہیں؟ یقینا نہیں۔ اسلام کی تاریخ جرا¿ت و شجاعت‘ جذبہ و جوش اور اولوالعزمی کی مثالوں سے بھری پڑی ہے۔ لہٰذا بڑھو، بڑھو، آگے بڑھو اور ذرا سا بھی کوئی خیال کسی مزاحمت کا کسی رکاوٹ کا اور کسی مداخلت کا‘ اپنے دل میں نہ آنے دو‘ مجھے پورا بھروسہ ہے کہ سات کروڑ کی اس متحد قوم کو جس کے اندر عزم صمیم ہے اور جس کے پاس عظیم الشان تمدن اور تاریخ ہے کسی چیز سے بھی ڈرنے اور خوف وہراس محسوس کرنے کی مطلق ضرورت نہیں۔ اب یہ کام تمہارا ہے کہ محنت کرو‘ مزید محنت کرو‘ ہم لوگ یقینا کامیاب و کامراں ہوکے رہیں گے۔ “
(ریڈیو پاکستان لاہور سے نشری تقریر ۔30 اکتوبر 1947 ئ)
عظمت و شان کا نیا باب
”جو مہم اس وقت درپیش ہے اس کی شدت اور سنگینی سے متاثر و مغلوب تم ہر گز نہ ہونا۔ تاریخ میں اس کی مثالیں بہت ہیں کہ نئی قوموں نے اپنی شاندار تعمیر صرف اپنے عزم و ہمت اور خوبی کردار کی قوت سے کی ہے۔ آپ کے اندر فولادی قوتیں قدرت نے رکھی ہیں۔ آپ دنیا میں کسی سے کم نہیں ہیں۔ آخر دوسروں کی طرح اور خود اپنے آباﺅ اجداد کی طرح آپ کامیاب کیوں نہیں ہوسکتے؟ آپ کو اپنے اندر فقط مجاہدین کا جذبہ پیدا کرنا ہے۔ آپ وہ قوم ہیں جس کی تاریخ حیرت انگیز استقامت‘ خوبی کردار اور بلند نظری و حوصلہ مندی کے تذکروں سے مالا مال ہے۔ اپنی روایات کا دامن تھامیے اور اپنی تاریخی عظمت و شان میں ایک نئے باب کا اضافہ کیجیے۔ میں آپ سے بس اتنا چاہتا ہوں کہ میرا یہ پیغام جہاں جہاں تک پہنچے، ہماری قوم کا ایک ایک فردیہ عہد کرلے ،قسم کھالے کہ پاکستان کو اسلام کا آہنی قلعہ بنانے کے لیے اور اس قوم کو عظیم ترین قوموں کی صف میں لانے کے لیے (جس کا نصب العین اندر بھی اور باہر بھی، چار سُو امن و سکون پھیلانا اور صلح و آشتی کو عام کرنا ہے) اگر اپنا سب کچھ قربان کردینے کی نوبت آجائے تو اپنا سب کچھ بے تکلف قربان کردے گا۔ اپنے حوصلے کو بلند تر رکھیے اور مرنے سے بالکل نہ ڈریے۔ ہمارے مذہب نے یہی تعلیم ہم کو دی ہے کہ مرنے کو ہمیشہ تیار رہو‘ اس لیے اسلام اور پاکستان کی عزت و حرمت کے تحفظ کیخاطر اپنی اس موجودہ مہم کا سامنا پوری بہادری سے کیجئے۔ ایک مسلمان کے لیے اس سے بہتر، اس سے برتر، راستہ اور بڑی کامرانی اور کوئی نہیں کہ اس کی موت آئے تو حق و صداقت کی راہ میں آئے اور شہید کا درجہ پائے۔“
(لاہور کے جلسہ عام میں تقریر۔ 30 اکتوبر 1947 ئ)
جلدی کیجیے اور اچھی تعمیر کیجیے
”قدرت نے آپ کو ہر نعمت سے نوازا ہے ،آپ کے پاس لامحدود وسائل ہیں ،آپ کی مملکت کی بنیادیں رکھ دی گئیں اور اب یہ آپ کا کام ہے کہ اس کی تعمیر کیجیے اور جلدی کیجیے اور جہاں تک آپ کے بس میں ہو بہتر سے بہتر تعمیر کیجیے۔۔۔ تو بسم اللہ، اٹھیے! برق رفتاری سے کام لیجیے۔ میری دعائیں اور اللہ کا فضل و کرم آپ کے ساتھ ہے۔“
(پیغام بنام قوم۔ 14 اگست 1948 ئ)
فنائے کامل کا خطرہ
”میں اسے پھر دہراتا ہوں اور پوری قوت سے کہتا ہوں کہ قیام پاکستان کی راہیں اس بناءپر ہموار ہوئیں کہ ذات پات کے تصور پر جو معاشرہ قائم تھا اس میں روح انسانی کے مکمل طور پر فنا ہوجانے کا خطرہ درپیش تھا۔ اب روح انسانی آزاد ہے، موجود ہے، اور اس کو روبہ عمل لانے اور سربلند کرنے کے لیے ضروری ہے کہ مملکت میں اور ساری قوم میں ایک بجلی سی دوڑا دی جائے۔“
(چاٹگام کے جلسہ عام کی تقریر۔ 26 مارچ 1948 ئ)
اردو ایک مشترک زبان
”بہرحال پاکستان میں ایک ہی مشترک زبان ہوگی، وہ زبان جو مملکت کے تمام صوبوں کے درمیان رابطے اور مواصلات کی زبان ہو اور وہ زبان اردو ہوگی کوئی دوسری زبان نہیں ہوسکتی۔“
(ڈھاکہ یونیورسٹی میں کانووکیشن کی تقریر۔ 24 مارچ 1948 ئ)
)


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں