ڈائو یونیورسٹی، ایم ڈی کیٹ پرچہ دوبارہ آئوٹ ،ڈاکٹرز، طلبہ سڑکوں پر آگئے
شیئر کریں
ڈائو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنس کے زیر انتظام ہونے والے ایم ڈی کیٹ کا پرچہ دوبارہ مبینہ آئوٹ ہونے کے خلاف ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے احتجاج کیا گیا، پرچہ لیک کرنے کے متعلق انکوائری، ملوث عناصر کی گرفتاری کا مطالبہ کردیا گیا۔ ڈائو یونیورسٹی گیٹ کے سامنے احتجاج میں ڈاکٹرز، طلباء ، وکلاء ، سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی، وائی ڈی اے رہنماؤں ڈاکٹر محبوب نوناری، ڈاکٹر لال ملک اور دیگر نے کہنا تھا کہ جب بھی ایم ڈی کیٹ کی ٹیسٹ ہوتی ہے تو مافیا سرگرم ہوجاتی ہے، سودیبازی کر کے پرچہ لیک کیا جاتا ہے، جناح سندھ میڈیکل کے زیر انتظام ٹیسٹ کروائی گئی تو وہاں سے پرچہ لیک کیا گیا، ڈاکٹروں اور طلبا کے ردعمل پر دوبارہ ٹیسٹ کے انتظامات ڈائو یونیورسٹی کو دیے گئے لیکن مافیا نے پھر پرچہ آئوٹ کردیا، جس سے سینکڑوں طلبا مایوسی کے شکار ہوگئے ہیں، ٹیسٹ میں میرٹ کی دھجیاں اڑائی جاتی ہیں، مؤثر کارروائی اور سزا نہ ملنے کے باعث بار بار پرچہ لیک کیا جا رہا ہے، نگران وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ معاملے کا نوٹس لیں، انکوائری تک نتائج روک کر پیپر مافیا کو گرفتار کیا جائے۔