مقامی کشمیریوں کی اپنی سرزمین سے بے دخلی
شیئر کریں
ریاض احمدچودھری
گزشتہ سال جنوری میں قابض انتظامیہ نے تجاوزات ہٹانے کے نام پر ایک نام نہاد مہم کا آغاز کیاتھا جس کا مقصد تقریبا 22لاکھ 40ہزارکنال اراضی پر قبضہ کرنا تھا جس کا رقبہ ہانگ کانگ کے رقبے کے برابر ہے۔قابض انتظامیہ کے اس اقدا م سے مقامی لوگوںمیں اپنی سرزمین اور گھروں سے بے دخلی کا خدشہ بڑھ گیا ہے اور وہ شدید خوف و دہشت میں مبتلا ہیں۔ کشمیریوں کی اراضی اور املاک پرقبضے کو 2019کے بعد مودی حکومت کی طرف سے نافذ کئے گئے نئے قوانین کے تحت تحفظ فراہم کیاگیا ہے۔ان اقدامات کے تحت قابض انتظامیہ نے ایک ماہ کے عرصے میں کشمیریوں کی دس لاکھ کنال سے زائد راضی پر قبضہ کیا۔
فرانس میں قائم حقوق انسانی کی معروف تنظیم انٹرنیشنل فیڈریشن فار ہیومن رائٹس کی رپورٹ میں غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بڑے پیمانے پر زمینوں پر قبضے کے حوالے سے تشویش ظاہر کی گئی ہے۔ فیڈریشن نے اپنی ویب سائٹ پر جاری کی گئی "آپ کی سرزمین ہماری ہے”کے عنون سے 56صفحات پر مشتمل رپورٹ میں انکشاف کیاہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں2019کے بعدسے بھارتی حکومت کی طرف سے کی گئی سخت قانونی اور پالیسی ترامیم کی وجہ سے کشمیریوں کے انسانی حقو ق خصوصا اراضی کے مالکانہ حقوق بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ ان اقدامات کی وجہ سے کشمیریوں میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کے اراضی کے مالکانہ حقوق میں ترامیم سے بھارتی قابض حکام کو ہزاروں کشمیریوں کو جبری طورپر ان کے گھروں سے بے دخل کرنے کااختیار مل گیا ہے۔
بھارت کی طرف سے 2019سے متعارف کرائے گئے نئے قوانین کے تحت اب کوئی بھی بھارتی شہری جموں و کشمیر میں مستقل رہائش اختیار کر سکتا ہے۔ بھارتی شہریوں کو بین الاقوامی طورپر تسلیم شدہ متنازعہ علاقے میں زمین خریدنے، ملازمتوں کے حصول اور انتخابات میں ووٹ دینے کا حق بھی دیاگیا۔ رپورٹ میں اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوںکا حوالہ دیتے ہوئے کہاگیاہے کہ مودی حکومت نے اگست 2019 سے پہلے کے کشمیریوں کے مالکانہ حقوق میں تبدیلی کر کے نئے ظالمانہ قوانین اور پالیسیاںنافذ کی ہیں ، جن کی وجہ سے جموں وکشمیر میں آبادی کے تناسب اور کشمیریوں کے سیاسی ،سماجی اور معاشی حقوق بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ان قوانین کے ذریعے مقبوضہ علاقے کی مسلم اکثریتی شناخت کو اقلیت میں تبدیل کرنے خدشات بڑھ گئے ہیں اور کشمیری انہیں جموںوکشمیر کی مسلم اکثریتی شناخت پر ایک حملہ قراردے رہے ہیں۔ رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ یہ بی جے پی حکومت کے وسیع تر نسلی ایجنڈے کا حصہ ہے جس کا مقصد کشمیری مسلمانوں کو نشانہ بنانااورانہیں ان کی زمینوں سے بے دخل کرکے مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو بگاڑناہے۔رپورٹ میں مودی حکومت کی طر ف سے سرینگر میں "خصوصی سرمایہ کاری کوریڈور” کے قیام کی تجویز پر بھی تنقید کی گئی ہے۔ کوریڈو ر کے ذریعے پیدا ہونیوالی دس لاکھ نئی ملازمتوں پر غیر کشمیری ہندوئوںکو بھرتی کیاجاسکتا ہے۔ رپورٹ میں مستقل رہائش کے قوانین، اراضی کے مالکانہ قوانین، اور جموںوکشمیرتنظیم نو ایکٹ 2019 کے تحت لیز کے معاہدوں میں ترامیم کے علاوہ نئے ریزرویشن قوانین پر بھی تشویش ظاہر کی گئی ہے۔
انٹرنیشنل فیڈریشن فار ہیومن رائٹس نے بھارتی حکومت سے مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے ایکٹ اور پبلک سیفٹی ایکٹ سمیت دیگر کالے قوناین کی منسوخی اورکشمیریوں کے جمہوری حقوق کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔اس رپورٹ کی ریسر چ رواں سال جنوری اور اگست کے درمیان کی گئی ، جس میں کشمیر کے ماہرین تعلیم، وکلا اور صحافیوں کے انٹرویوز کے ساتھ ساتھ میڈیا رپورٹس اور تاریخی دستاویزات کے حوالے بھی شامل کئے گئے ہیں۔ انٹرنیشنل فیڈریشن کی نائب صدر فاتیا مولیدیانتی نے رپورٹ میں کہاہے کہ بھارتی حکومت جموں و کشمیر کو اپنے ظالمانہ ہتھکنڈوں کے استعمال کیلئے ایک تجربہ گاہ کے طورپر استعمال کرر ہی ہے۔ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور سول سوسائٹی پر حملے انتہائی باعث تشویش ہیں۔فیڈریشن نے یہ رپورٹ کشمیری انسانی حقوق کے علمبردار اورتنظیم کے سیکریٹری جنرل خرم پرویز کے نام سے منسوب کی ہے۔خرم پرویز جموں وکشمیر کولیشن آف سول سوسائٹی اور دوان حراست لاپتہ کشمیریوں کے والدین کی تنظیم کے دیگر کارکنوں کے ہمراہ نومبر 2021سے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون یو اے پی اے کے تحت نظربند ہیں۔ انٹرنیشنل فیڈریشن کی ڈپٹی ڈائریکٹربرائے ایشیا ڈیسک جولیٹ روسلوٹ نے کہاہے کہ بھارتی حکومت کی طرف سے جموں و کشمیر کے قانونی فریم ورک میں ترمیم کی گئی ہیںجس کے تحت طویل عرصے کشمیریوں کے مالکانہ حقوق کو تحفظ حاصل تھا۔ان ترامیم سے کشمیریوں تباہ کن اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
بھارت کی زمینوں پر جبری قبضے کی کوششیں کشمیریوں کی معاشی حالت کو مزید خراب کر رہی ہیں۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارت کشمیریوں کے حقوق پامال کررہا ہے۔سیاسی انتقام کینام پربھارتی فورسز کاکشمیری رہنماؤں پر کریک ڈاؤن جاری ہے۔5 اگست 2019 سے کشمیریوں کے اثاثوں پر بھارتی حکومت کا قبضہ، ان کی آزادی کی راہ میں رکاوٹ ہے۔ بھارت نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو دبانے کے لیے غیرقانونی اقدامات کیے۔کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بھارت کی جانب سے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا دیں۔کشمیریوں کی زمینیں ہتھیانے کی کوششیں،بھارت کی معاشی جارحیت کا ثبوت ہے،بھارتی حکومت کی جانب سے کشمیریوں کی آواز دبانے کے لیے سخت اقدامات کیے۔آزادی کے حامی کشمیریوں کیخلاف بھارتی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے،بھارت کی جبری بے دخلی کی پالیسیوں نے کشمیریوں کی زندگیوں کو متاثر کیا۔بھارتی حکام کی جانب سے کشمیریوں کے معاشی وسائل کا استحصال، عالمی برادری خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔