کوہاٹ ٹنل ٹول پلازہ کے قریب کسٹم و ایکسائز اہلکاروں پر حملہ، گاڑی نذر آتش، دو اہلکار شہید، تین زخمی
شیئر کریں
پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ کا گھیراؤ کرکے شواہد اکٹھے کر لیے، تحقیقات شروع
کوہاٹ کی حدود میں انڈس ہائی وے پر واقع ٹنل ٹول پلازہ کے قریب گزشتہ شب نامعلوم مسلح افراد نے مشترکہ چیک پوسٹ پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں کسٹم کی سرکاری پک اپ گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی، حملے میں محکمہ کسٹم کا ایک اہلکار اور محکمہ ایکسائز کا ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر شہید اورتین اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب کسٹم اور ایکسائز کی مشترکہ ٹیمیں انڈس ہائی وے پر واقع پرانے ٹنل ٹول پلازہ پر معمول کی ڈیوٹی انجام دے رہی تھیں کہ نصف شب تقریباً بارہ بجے نامعلوم مسلح افراد نے اچانک حملہ کر کے شدید فائرنگ شروع کر دی۔
فائرنگ کے دوران کسٹم کی سرکاری گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں چکدرہ سے تعلق رکھنے والے کسٹم اہلکار جواد موقع پر ہی جھلس کر شہید ہوگئے جبکہ بصیر اللہ سکنہ کرک سمیت تین دیگرشدید زخمی ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق حملے میں محکمہ ایکسائز کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر ساجد السلام سکنہ نوشہرہ بھی شہید ہوگئے۔ ریسکیو 1122 کوہاٹ کے ترجمان جواد آفریدی کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی میڈیکل اور فائر فائٹنگ ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں۔
زخمی اہلکار کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید علاج کے لیے ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال کوہاٹ منتقل کر دیا گیا جبکہ شہید اہلکار کی لاش جلتی ہوئی گاڑی سے نکال کر ہسپتال کے مردہ خانے منتقل کی گئی۔
فائر فائٹنگ ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گاڑی میں لگی آگ پر قابو پا لیا۔واقعے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ کا گھیراؤ کرکے شواہد اکٹھے کر لیے اور حملہ آوروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ واقعو کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔


