شوال کا چاند نظر آگیا، پاکستان میں آج عیدالفطر منائی جارہی ہے
شیئر کریں
پاکستان میں شوال کا چاند نظر آگیا جس کے بعد ملک بھر میں آج24مئی بروز اتوار کو عیدالفطر منائی جارہی ہے۔ ہفتہ کو شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں مفتی منیب الرحمان کی سربراہی میں ہوا جس کے بعد پریس کانفرنس میں مفتی منیب الرحمان نے چاند نظر آنے کا اعلان کیا۔اجلاس میں محکمہ موسمیات کے ماہرین بھی شریک تھے ۔ اس کے ساتھ ساتھ دیگر صوبوں میں بھی زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے ہیں جہاں سے شہادتیں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو بھیجی گئیں۔مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ پسنی سے چاند دیکھے جانے کی اطلاعات موصول ہوئیں،بیشتر مقامات پر مطلع صاف تھا،کافی شہادتیں موصول ہوئیں، شہادتوں کی تصدیق میں کافی وقت لگا اور تمام پہلوؤں پر غور کیا گیا۔مفتی منیب نے کہا کہ کورونا کی موجودہ صورتحال میں قوم کو خصوصی دعائیں کرنی چاہئیں، پوری دنیا کو تاریخ کی بڑی وبا نے گھیرا ہے اللہ پورے عالم کو اس وبا سے نجات عطا فرمائے ، ایک دوسرے کو عید کی مبارک باد دیں لیکن احتیاط کریں، بہتر ہے کہ ایک دوسرے کو عید کی زبانی مبارک باد دیں۔انہوں نے فواد چودھری پر تنقید کرتے ہوئے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ فواد چودھری پر پابندی عائد کی جائے اور وفاقی وزیر دینی معاملات میں مداخلت نہ کریں ۔اس حوالے سے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کا کہنا ہے کہ عید کب ہوگی چاند کب نکلے گا یہ کوئی اتنا بڑا مسئلہ اب نہیں رہا، پاکستان کو اگر آگے لیکر جانا ہے تو بنیاد علم اور دلیل پر رکھنا ہوگی ، مفتی منیب الرحمان نے آج جو اعلان کیا ہے خوش آئند ہے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ دلیل میں بالکل نہیں مانوں گا کہ چاند دیکھنے کا تعلق مذہب سے ہے ، یہ دلیل نہیں مانوں گا کہ عینک سے چاند نظر آئے تو ٹھیک اور جدید ٹیکنالوجی سے نظر آئے تو نہیں، مفتی منیب الرحمان ہمارے بزرگ ہیں ان کا احترام کرتے رہیں گے ، چاند دیکھنا مذہبی معاملہ نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آج ایک عید ہونے کا کریڈٹ بھی وزیراعظم کو جاتا ہے ۔اس سے قبل وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے دعویٰ کیا تھا کہ چاند دوربین سے واضح طور پر دیکھا جاسکے گا۔سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، ملائیشیا اور قطر میں گزشتہ روز شوال کا چاند نظر نہیں آیا تھا اور ان ممالک میں عید الفطر اتوار 24 مئی کو ہوگی البتہ بنگلادیش نے 25 مئی کو عیدالفطر کا اعلان کیاہے ۔