کراچی میں بدترین لوڈشیڈنگ ،دورانیہ 12 گھنٹے تک پہنچ گیا
شیئر کریں
شہر قائد میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹے تک پہنچ گیا جبکہ مستثنیٰ علاقوں میں بھی ایک گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ تین سے 4 بار ہورہی ہے جبکہ ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ چند علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ عارضی طور پر بڑھایا گیا ہے، نیشنل گرڈ سے کے الیکٹرک کو بجلی کی ترسیل میں کمی کا سامنا ہے ۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں بدترین لوڈشیڈنگ جاری ہے ، کے الیکٹرک نے لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں اضافہ کردیا ہے۔نئے شیڈول کے مطابق شہر میں سحری کے اوقات میں بھی لوڈشیڈنگ کی جائے گی ، کے الیکٹرک نے سحری کے وقت صارفین کو لوڈ شیڈنگ کے ایس ایس ایم بھی بھیجے ، جس میں صارفین سے لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں اضافے میں معذرت بھی کی گئی ہے۔شہر کے مختلف علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹے تک پہنچ گیا جبکہ لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی ایک گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ تین سے 4 بار کی جا رہی ہے۔لوڈشیڈنگ سے متاثرہ علاقوں میں گلستان جوہر،بھینس کالونی،میٹروول سائٹ،رزاق آباد ، میمن گوٹھ،گڈاپ،گلشن معمار،ماڈل کالونی،شاہ فیصل کالونی شامل ہیں۔اس کے علاوہ کھوکھراپار،کورنگی،خواجہ اجمیرنگری،ملیر،اخترکالونی منظورکالونی،کشمیرکالونی، نیوکراچی،سرجانی ٹائون،تیسرٹائون میں لوڈشیڈنگ جاری ہے۔شہر میں ہائی لاس ایریاز میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹے سے زائد کر دیا گیا جبکہ کم چوری والے علاقوں میں بھی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 6 گھنٹے سے زائد ہوگیا ہے۔شہریوں نے بتایاکہ گرمیاں شروع ہوتے ہی کے الیکٹرک اپنا رنگ دکھانا شروع کر دیتی ہے۔دوسری جانب کراچی میں طویل لوڈشیڈنگ پر کے الیکٹرک کی وضاحت سامنے آئی ہے ۔جس میں ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ چند علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ عارضی طور پر بڑھایا گیا ہے، نیشنل گرڈ سے کے الیکٹرک کو بجلی کی ترسیل میں کمی کا سامنا ہے۔کے ای کے ترجمان نے کہا کہ نیشنل گرڈ سے تقریبا 300 میگاواٹ بجلی کی کمی کا سامنا ہے۔انہوں نے بتایاکہ رجسٹرڈ صارفین کو ایس ایم ایس کے ذریعے اطلاع کردی گئی ہے۔ترجمان نے کہا کہ کے الیکٹرک لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں عارضی اضافے پر معذرت خواہ ہیں۔