میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
کے الیکٹرک نے گل پلازہ کے بیسمنٹ میں بارود کا ڈھیر لگا رکھا تھا،ایم کیو ایم

کے الیکٹرک نے گل پلازہ کے بیسمنٹ میں بارود کا ڈھیر لگا رکھا تھا،ایم کیو ایم

ویب ڈیسک
منگل, ۲۴ فروری ۲۰۲۶

شیئر کریں

گل پلازہ کے پیچھے کے الیکٹرک کے پلانٹ میں گیس ٹربائن کا دھماکہ انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت ہے
جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی نے کراچی دشمنی اور پیپلز پارٹی کی غلامی کا ثبوت دیا ہے،پریس کانفرنس

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے مرکز بہادر آباد پر اراکینِ اسمبلی اور قانونی ماہرین کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گل پلازہ کے پیچھے کے الیکٹرک کے پلانٹ میں ہونے والے دھماکے اور بلدیہ عظمی کراچی (KMC) میں جماعت اسلامی و پیپلز پارٹی کے "ناپاک اتحاد” پر بھرپور چارج شیٹ پیش کر دی ہے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے شواہد کی روشنی میں انکشاف کیا کہ کے الیکٹرک نے گل پلازہ جیسے مصروف ترین تجارتی مرکز کے بیسمنٹ میں غیر قانونی طور پر گیس ٹربائن، پاور جنریٹر اور گیس سلنڈرز نصب کر رکھے تھے، جہاں فرنس آئل اور دیگر آتش گیر مادہ کی موجودگی نے پورے علاقے کو بارود کے ڈھیر میں تبدیل کر دیا تھا، انہوں نے سوال اٹھایا کہ انرجی ڈیپارٹمنٹ اور سندھ حکومت اس سنگین خلاف ورزی پر اب تک خاموش کیوں ہے؟ ڈاکٹر فاروق ستار نے سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کراچی کے عوام نے دیکھ لیا کہ جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی نے کے ایم سی کے اجلاس میں اس قرارداد کے خلاف ووٹ دیا جو سندھ میں نئے انتظامی یونٹس اور صوبوں کے حق میں تھی، اس عمل سے ثابت ہو گیا کہ یہ جماعتیں صرف زبانی دعوے کرتی ہیں لیکن جب کراچی کے حقوق کی بات آئے تو یہ پیپلز پارٹی کے وڈیروں کے ساتھ کھڑی ہو جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈمپر حادثات کا شکار اور نالوں میں گرنے والے کو ابھی تک انصاف کیوں نہیں ملا، حکومت کراچی والوں پر ہونے والے ظلم کی تحقیقات کیوں نہیں کرتی۔فاروق ستار نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو اپنے 18 برسوں کی کارکردگی کا جواب دینا ہو گا، ایم کیو ایم والے پیپلز پارٹی کی 18 سالہ کارکردگی کو واٹر لو بنائیں گے۔رہنما ایم کیو ایم نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے قاتلوں کو گرفتار کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے، پیپلز پارٹی لسانی جھگڑا کروانا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے پاس دو گورنر، ایک صدر اور تمام آئینی اداروں کی سربراہی ہے، پیپلز پارٹی کو سندھ کا گورنر برداشت نہیں ہو رہا۔فاروق ستار نے کہا کہ اگر گورنر سندھ کے کسی عمل سے سیاسی تاثر ابھرتا ہے تو گورنر پنچاب نے تو ہاس کو سیاسی اکھاڑہ بنایا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میئر میں، تو اپوزیشن لیڈر تم کے فارمولے کے تحت کراچی کے عوام کا استحصال کیا جا رہا ہے اور جماعت اسلامی نے میئر کی کرسی بچانے کے لیے کراچی کے نوجوانوں کے مستقبل کا سودا کر لیا ہے۔ پریس کانفرنس کے دوران ایڈوکیٹ طارق منصور نے قانونی پہلوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ گل پلازہ کے پیچھے کے الیکٹرک کی تنصیبات مکمل غیر قانونی ہیں اور کے ایم سی میں ہونے والی حالیہ قراردادیں آئین سے متصادم ہیں، ایم کیو ایم ان تمام زیادتیوں کے خلاف ہر قانونی فورم پر جنگ لڑے گی۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کراچی کے نوجوانوں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ ان لٹیروں کے خلاف متحد ہو جائیں کیونکہ ایم کیو ایم ہی ان کے حقوق کی واحد اور حقیقی محافظ ہے۔ پریس کانفرنس کے موقع پر حق پرست اراکینِ پارلیمنٹ اور تنظیمی ذمہ داران کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں