پبلک سروس کمیشن، اسسٹنٹ کنٹرولر سمیت8 ملازمین پر مقدمہ درج
شیئر کریں
(رپورٹ :علی نواز) سندھ پبلک سروس کمیشن کا پیپر لیک کرنے کے الزام پر اسسٹنٹ کنٹرولر سمیت 8 ملازمین کے خلاف مقدمہ درج ، نامزدملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس چھاپہ مار کارروائیوں کا سلسلہ شروع۔ تفصیلات کے مطابق چار دن قبل سندھ پبلک سروس کمیشن کی جانب سے گریڈ 16 کے سیکنڈری اسکول ٹیچر کیلئے لیے جانے والے تحریری امتحان کا پرچہ لیک کرنے کا مقدمہ کنٹرولر حفیظ لغاری کی مدعیت میں اسسٹنٹ کنٹرولر زین العام کھوڑو سمیت 8 ملازمیں پر تھانہ جی او آر درج کیا گیا ، ایف آئی آر نمبر 15/2024میں پی پی ایس دفعات 409 ،411 ،420 ، 465 ، 34 کے تحت اسسٹنٹ کنٹرولر امتحانات زین العام کھوڑو، سینیئر کمپیوٹر آپریٹر سجاد چاولہ، احسن ظہیر ،نائب قاصد اکبر ڈاہری، خان محمد شاہ، دانیال قمبرانی، شاھ زیب ابڑو، شاھ زیب جعفری اور عزیز احمد کو نامزد کیا گیا ہے، مدعی نے مقدمے میں موقف اختیارکیا ہے کہ امتحانات کا کسٹوڈین اسسٹنٹ کنٹرولر زین العام کھوڑو تھا ، جس نے مجرمانہ خیانت، ٹیسٹ پیپر میں بددیانتی ، محکمے کے ساتھ دھوکہ دہی اور جعلسازی کی ہے ، مقدمہ درج ہونے کے بعد پولیس نے نامزد ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنا شروع کردیئے ہیں، یاد رہے کیس میں نامزد ملزمان محکمہ جاتی سطح پر معطل کیے جاچکے ہیں ۔