ہم خودگھر کے حالات ٹھیک نہیں کریں گے تو کوئی نہیں کرے گا،وزیراعظم
شیئر کریں
وزیراعظم شہباز شریف نے دہشتگردی کے خلاف جامع حکمت عملی تشکیل دینے کا عزم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ہم خود اپنے گھر کے حالات ٹھیک نہیں کریں گے تو کوئی ہماری مدد کو نہیں آئیگا ، سیاسی استحکام ہر لحاظ سے مقدم ہے،تمام سیاسی شراکت داروں نے اپنا سیاسی اسٹیک داؤ پر لگایا ہے ،ریاست کو بچانے کے لیے خلوص سے پوری کوشش کر رہے ہیں،آئی ایم ایف سے معاملات 8 سے 10 دن میں طے ہوجائیں گے ،پاکستان کو اپنا کھویا مقام دلانا ہے تو ہمیں اپنی تمام ذاتی پسند اور ناپسند سمیت انا کو ایک طرف کرکے اکٹھے ہوکر تمام توانائیاں استعمال کرنی ہوں گی۔جمعہ کو نیشنل ایکشن پلان (این اے پی) اور نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) سے متعلق اپیکس کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آج کا اجلاس نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کے حوالے سے تھا جو کہ ایک غیر فعال ادارہ بن چکا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی سابقہ حکومت نے اسٹیک ہولڈرز کو ایک جامع بحث کیلئے مدعو کیا تھا جس کی وجہ سے یہ (نیکٹا) کا منصوبہ تشکیل پایا تھا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پشاور میں ہونے والے سانحے پر میں نے تمام سیاسی اسٹیک ہولڈرز کو مدعو کیا لیکن انہوں نے مناسب نہ سمجھا کہ اس میٹنگ میں تشریف لائیں۔