محکمہ بلدیات سندھ نے 62 افسران و ملازمین کو فارغ کر دیا
شیئر کریں
محکمہ بلدیات سندھ نے 62 افسران و ملازمین کو نوکریوں سے فارغ کر دیا۔تفصیلات کے مطابق محکمہ بلدیات سندھ نے60سے زائد ملازمین کو نوکریوں سے ہٹانے کا حکم نامہ جاری کر دیا ہے، جن میں گریڈ ایک سے 18 تک کے افسران و ملازمین شامل ہیں۔اس ضمن میں ذرائع نے بتایا کہ ملازمت سے ہٹائے گئے ملازمین مختلف اضلاع کی یوسیز میں تعینات تھے، اور ان کو مختلف الزامات کا سامنا تھا۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ افسران و ملازمین محکمہ بلدیات کی جانچ پڑتال کے لیے بلانے پر حاضر نہیں ہوئے، جب تک ان افسران و ملازمین کی اہلیت ثابت نہیں ہوتی، یہ ملازمت سے فارغ رہیں گے۔حکم نامے کے مطابق یہ ملازمین تقرری کی تحقیقات مکمل ہونے اور بھرتی درست ثابت ہونے تک فارغ رہیں گے۔ذرائع کے مطابق محکمہ بلدیات کے افسران و ملازمین کی اسکروٹنی میں جعلی افسران سامنے آئے تھے، جو اسکروٹنی ٹیم کو دستاویزات فراہم نہ کر سکے تھے۔ذرائع لوکل گورنمنٹ نے بتایا کہ افسران و ملازمین پر آٹ آف ٹرن پروموشن، جعلی بھرتی، ریکارڈ کی عدم فراہمی اور جعلی سروس بک رکھنے کا الزام ہے۔عہدوں سے ہٹائے گئے افسران میں ڈپٹی ڈائریکٹر، چیف آفیسر، ٹائون افسران، ایڈمنسٹریٹیو آفیسر اور سپرنٹنڈنٹ شامل ہیں۔