میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
ملک میں سیاسی بحران عدلیہ کی وجہ سے آیا ہے، فواد چودھری

ملک میں سیاسی بحران عدلیہ کی وجہ سے آیا ہے، فواد چودھری

ویب ڈیسک
منگل, ۲۴ جنوری ۲۰۲۳

شیئر کریں

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے عدلیہ سے معاملات میں مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے سپریم کورٹ کے فیصلے کی وجہ سے ملک میں بڑا سیاسی بحران پیدا ہوگیا ہے۔لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ 22 کروڑ کا ملک اس وقت بالکل لاوارث ہوگیا ہے جہاں روزانہ بے یقینی کے سایے ہیں جو لاد دیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کابینہ اور وزیراعظم جس طریقے سے حکومت کر رہے ہیں، اس پر شرم آتی ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ پہلے پاکستان تحریک انصاف کے استعفے قبول ہی نہیں ہو رہے تھے جب کہا کہ اپوزیشن لیڈر راجا ریاض کو ہٹانے کے لیے جارہے ہیں تو تین دن تک سیکریٹریٹ بند تھا لیکن پھر سیکریٹریٹ سے نوٹیفکیشن آتا ہے اور الیکشن کمیشن کی حیثیت اس حکومت میں ایک منشی کی ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اداروں کا زوال اس حکومت میں دیکھا ہے اس سے پہلے نہیں دیکھا، الیکشن کمیشن کو فون کیا جاتا ہے اور الیکشن کمشنر کلرک کی طرح دستخط کرکے بھیج دیتا ہے۔مزید الزامات عائد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو حکم دیا جاتا ہے کہ محسن نقوی وزیراعلی ہوگا تو وہ دستخط کردیتا ہے، اگر اتنے کمزور ہیں تو اپنے گھروں میں جا کر بیٹھ جائیں۔انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت اور وزیراعلی صرف تین مہینوں کے لیے ہیں، 4، 5 یا سال کے لیے ہیں لیکن ہم آپ کا پیچھا اس وقت تک کریں گے جب تک ہم آپ کو قرار واقعی سزا نہ دے دیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام کا ہم پر یہ قرض ہے کہ اس حکومت میں شامل لوگوں کو ان کے گھروں تک چھوڑ کر آئیں، وہ تمام لوگ جو 25 مئی کے واقعات میں ملوث تھے اور جنہوں نے انسانی حقوق کی سنگین پامالی کی تھی، اب ان کو واپس لایا جا رہا ہے۔رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اس وقت ہمارے ایوانوں میں مجموعی طور پر 65 فیصد نشستیں خالی ہیں، 35 فیصد نشستیں بنانے کے لیے دوبارہ انتخابات ناممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ میں عدلیہ سے کہتا ہوں کہ اپنا کردار ادا کریں اور یہ بحران آپ کی وجہ سے آیا ہے، اگر آج سپریم کورٹ نے اسپیکر کی رولنگ الیکشن تک ختم نہیں کیا ہوتا تو آج ملک میں الیکشن ہوچکے ہوتے اور آج پاکستان میں ہر چیز اپنی جگہ پر آچکی ہوتی۔ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے سپریم کورٹ کے فیصلے کی وجہ سے پاکستان میں اتنا بڑا سیاسی بحران آیا ہے جس سے 22 کروڑ لوگوں کی کمر ٹوٹ گئی ہے، ایک نااہل وزیراعظم اور اس کی کابینہ کو مسلط کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کل سے بجلی بند ہے لیکن توانائی کے وزیر خرم دستگیر خان کبھی ایک دن میں پائے کھا رہا ہے اور کبھی دوسری دکان میں جا رہے ہیں اور پھر پریس کانفرنس کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان میں جو سیٹ اپ چلایا جا رہا ہے اس کا آئین سے کوئی تعلق نہیں ہے بلکہ مافیاز کا سیٹ اپ ہے، پاکستان ایک بدترین بحران کی طرف بڑھ رہا ہے اور سیاسی تباہی ہوچکی ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں