میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
پی ٹی آئی کے مزید 43 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور

پی ٹی آئی کے مزید 43 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور

جرات ڈیسک
منگل, ۲۴ جنوری ۲۰۲۳

شیئر کریں

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف کے مزید 43 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرلیے۔ اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے پی ٹی آئی اراکین کو ڈی سیٹ کرنے کے لیے معاملہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بھجوا دیا ہے، پی ٹی آئی کے منحرف اراکین کے علاوہ صرف 2 اراکین قومی اسمبلی میں باقی رہ گئے، اب تک اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے پی ٹی آئی کے کل 124 ارکان کے استعفے منظور کیے جا چکے ہیں۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق  (ق) لیگ کے اراکین چودھری مونس الہٰی اور چودھری حسین الہٰی کے استعفے بھی منظور کر لیے گئے۔ جن ارکان اسمبلی کے استعفے منظور کیے گئے ان میں ریاض فتیانہ ، سردار طارق حسین ، محمد یعقوب شیخ ، پرنس نواز،مرتضی اقبال ،سردار محمد خان لغاری، حاجی امتیاز چودھری، لال چند، جواد حسین، نوشین حامد، منزہ حسن، صائمہ ندیم ، تاشفین صفدر، صوبیہ کمال خان، ظل ہما، رخسانہ نوید، غزالہ سیفی اورطارق صادق شامل ہیں۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے گزشتہ 8 روزکے اندر 113 استعفی منظور کیے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے 17 اور 20 جنوری کو تحریک انصاف کے 69 ارکان اور عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید احمد کا استعفی منظور کیا تھا۔ پی ٹی آئی کے مزید استعفوں کی منظوری کے بعد منحرف گروپ کو پارلیمان کے اندر کوئی خطرہ باقی نہیں رہا ہے نگران حکومت کی تشکیل میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی مشاورت اور شراکت کے خواب کو اسپیکرقومی اسمبلی نے چکنا چورکر دیا ہے۔ تحریک انصاف کواستغفے واپس لینے کے بجائے دینے پڑ گئے ہیں۔ 43 اراکین قومی اسمبلی کو ڈی سیٹ کرنے کے لیے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے استغفوں کی منظوری کی سمری  چیف الیکشن کمشنز ڈاکٹر سکندر سلطان راجہ کو بھجوا دی گئی جس کی روشنی میں الیکشن کمیشن مذکورہ اراکین کو ڈی سیٹ کرنے کا حکم جاری کریں گے۔ ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے 43 اراکین کے استغفے ہفتہ 21 جنوری کو منظور کر لیے تھے۔ پیر کو ان استغفوں کی منظوری کے حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری ہونا تھا تاہم ملک گیربجلی کے طویل ترین بریک ڈاؤن اور پارلیمنٹ بلڈنگ میں آتشزدگی کی وجہ سے نوٹیفکیشن جاری نہ ہو سکا۔ ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف نے جمعہ کے روزجب 35 اراکین اسمبلی کے استغفوں کی جس سمری کی منظوری دی تھی اس میں انہوں نے واضح طور پر لکھا تھا کہ پی ٹی آئی کے باقی رہ جانے والے 43 اراکین قومی اسمبلی کے استغفوں کی منظوری کا پراسیس جلد شروع اور مکمل کیا جائے جس پر قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے ہفتہ کے روز اسپیکر قومی اسمبلی کو پی ٹی آئی کے 43 اراکین قومی اسمبلی کے استغفوں کی سمری منظوری کے لیے بھجوائی گئی تھی جس کا جائزہ لینے کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی نے مذکورہ 43 اراکین قومی اسمبلی کے استغفے منظورکر لیے تھے اور اس سلسلے میں چیف الیکشن کمشنر کو بھی تحریری طور پر آگاہ کیا جا رہا ہے کہ وہ مذکورہ 43 اراکین کے ڈی سیٹ ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کریں۔ اسپیکرقومی اسمبلی نے پی ٹی آئی کے ان پانچ اراکین قومی اسمبلی کے استغفے منظور نہیں کیے ہیں جنہوں نے تحریری طور پر اسپیکر کو چھٹی کے درخواستیں دی ہوئی تھیں جس کی وجہ سے وہ بال بال بچ گئے ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی نے پہلی مرتبہ 11 پی ٹی آئی ارکان کے استعفے منظور کئے تھے اس کے بعد 35ارکان کے استعفے منظور کیے گئے جس کے بعد مزید 35 ارکان کے استعفے منظور کیے گئے تھے۔ اب تک اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے پی ٹی آئی کے کل 124 ارکان کے استعفے منظور کیے جا چکے ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں