چین نے دنیا کا سب سے بڑا 'روبوٹ بیل' تیار کرلیا
شیئر کریں
چینی انجینئروں نے دنیا کا سب سے بڑا چوپایہ روبوٹ تیار کرلیا ہے جسے انہوں نے ‘مکینیکل یاک’ (روبوٹ بیل) کا نام دیا ہے۔چین سے شائع ہونے والے انگریزی اخبار ‘گلوبل ٹائمز’ اور چینی سرکاری ٹی وی کے مطابق، یہ روبوٹ فوجی مقاصد کیلیے تیار کیا گیا ہے جو ایسے دشوار گزار اور خطرناک علاقوں میں دشمن کی نگرانی کرسکے گا جہاں پہنچنا اور پہرہ دینا فوجیوں کیلیے جان جوکھم میں ڈالنے کے مترادف ہوتا ہے۔خبروں میں اس روبوٹ کے وزن سے متعلق تو نہیں بتایا گیا لیکن اتنا ضرور معلوم ہوا ہے کہ اس کی اونچائی ایک عام انسان کے مقابلے میں نصف ہے جبکہ لمبائی تقریباً انسان جتنی ہے۔یہ چار پیروں پر آگے اور پیچھے چلنے کے علاوہ دائیں بائیں بھی گھوم سکتا ہے اور اپنا رْخ بدل سکتا ہے۔یہ خود پر 160 کلوگرام وزنی سامان لاد کر 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑ سکتا ہے؛ یعنی اس کا ایک مقصد دشوار گزار علاقوں میں فوجی سامانِ رسد پہنچانا بھی ہوگا۔’مکینیکل یاک’ کے بارے میں چینی میڈیا کی جانب سے ٹوئٹر پر بھی ایک مختصر ویڈیو رکھی گئی ہے:اس ویڈیو میں یہ امریکی کمپنی ‘بوسٹن ڈائنامکس’ کے تیار کردہ روبوٹ کتے ‘بِگ ڈاگ’ جیسا دکھائی دے رہا ہے تاہم چین نے وضاحت کی ہے کہ ‘مکینیکل یاک’ مقامی مہارت استعمال کرتے ہوئے ‘ا?زادانہ طور پر’ بنایا گیا ہے۔