پاکستان کے سچ نے بھارتی جھوٹ کو دفن کردیا ،فردوس عاشق اعوان
شیئر کریں
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان کے سچ نے بھارتی جھوٹ کو دفن کردیا ، بھارتی آرمی چیف الزامات پر پوری دنیا سے معافی مانگیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ لائن آف کنٹرول کی پاکستانی طرف سفارتکاروں اور میڈیا کے دورے نے دنیا کو بھارت کا اصل چہرہ دکھا دیا ہے ، ساری دنیا نے دیکھ لیا کہ بھارتی آرمی چیف کا دعوی کتنا بڑا جھوٹ تھا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف کو اپنے جھوٹ پر پوری دنیا سے معافی مانگنی چاہیے ، بھارتی آرمی چیف کے جھوٹے دعوی کا بھرکس نکل چکا ہے ، کھلی دعوت کے باوجود بھارتی ہائی کمیشن کے کسی سفارتکار کا دورے سے راہ فرار بھارتی جھوٹ پر مہر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہری آبادی اور نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے والے سفاک اور بزدل ہیں، بھارت کب غیر ملکی سفرا اور میڈیا کو مقبوضہ کشمیر لے جائے گا، تاکہ وہ قابض افواج کے مظلوموں پر ظلم و بربریت اور انسانی حقوق کی پامالیوں کو آنکھوں سے دیکھ سکیں، عالمی برادری کو تنازعہ کشمیر کشمیریوں کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت حل کرنا ہوگا۔