میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
زرداری کے کہنے پر لوگوں کو قتل کیا گیا، عزیز بلوچ کی جے آئی ٹی رپورٹ عام کی جائے، عمران خان

زرداری کے کہنے پر لوگوں کو قتل کیا گیا، عزیز بلوچ کی جے آئی ٹی رپورٹ عام کی جائے، عمران خان

ویب ڈیسک
پیر, ۲۳ اکتوبر ۲۰۱۷

شیئر کریں

سیہون (نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ کرپشن اور زرداری ایک ہی نام ہیں لیکن ہم نے مل کر اس کرپٹ مافیا کا مقابلہ کرنا ہے، جبکہ نوازشریف کی وکٹ گرگئی اب زرداری کی باری ہے۔ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے، پاناماکیس کی وجہ سے پہلی دفعہ پاکستان کے لوگوں کو سمجھ آئی ہے کہ کرپشن کیا ہے، سندھ کرپشن سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ،کیونکہ کرپشن اور زرداری ایک ہی چیز کے دو نام ہیں۔ پاکستان میں روزانہ 12 ارب روپے کی کرپشن ہوتی ہے، جبکہ سالانہ 4 ہزار ارب روپے کی کرپشن ہوتی ہے، اگر ہم اسے ختم کر دیں تو عوام کے سارے مسائل حل ہو سکتے ہیں، تعلیم اور پینے کے صاف پانی کے مسائل حل ہو سکتے ہیں۔پنجاب کے ہسپتالوں میں جگہ نہ ہونے کی وجہ سے مائیں سڑکوں پر بچے جن رہی ہیں، شہباز قلندر کے مزار پر دھماکہ ہوا تو یہاں ہسپتال نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو دوردراز کے شہروں میں لے جانا پڑا۔ ملک میں ہسپتال نہ ہونے کی وجہ پیسے نہ ہونا ہے۔ اگر ہم کرپشن پر قابو پا لیں تو یہ مسائل حل ہوسکتے ہیں مرتضیٰ بھٹو کی فیملی کہتی ہے کہ زرداری نے مرتضیٰ بھٹو کو قتل کرایا تھا، سندھ پولیس کو غریبوں کو ڈرانے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے، سندھ پولیس کو بھی خیبرپختونخواہ طرز کی پولیس بنائیں گے، نواز شریف نے ملک کے بجائے اپنے خاندان کو ایشین ٹائیگر بنا دیا۔ان خیالات کا اظہار اتوارکو وزیراعلیٰ سندھ کے آبائی شہرسیہون میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جلسے سے شاہ محمد قریشی، پی ٹی آئی سندھ کے صدر ڈاکٹر عارف علوی، سابق وزیراعلیٰ سندھ لیاقت جتوئی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔ عمران خان نے کہاکہ ایف بی آر 35 سو ارب کا ٹیکس جمع کرتا ہے، جبکہ 32 سو ارب روپے کی کرپشن کرتا ہے، اگر ہم کرپشن پر قابو پالیں تو ہمارے پاس عوام کو تمام سہولیات مل سکتی ہیں۔ نواز شریف نے ملک کی بجائے اپنے خاندان کو ایشین ٹائیگر بنا لیا۔ جب مشرف کا اقتدار ختم ہوا تو ہر پاکستانی 25 ہزار کا مقروض تھا۔ آج ہر پاکستانی 1 لاکھ 20 ہزار کا مقروض ہے۔ زرداری اور نواز شریف نے عوام کو قرضوں کے بوجھ تلے دبادیا انہوں نے آصف زرداری پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے کہنے پر عزیر بلوچ نے بلاول ہائوس کے اردگرد کے گھر زبردستی خالی کروائے۔ عزیر بلوچ ماہوار فریال تالپور کو بھتہ دیتا تھا۔ عمران خان نے کہا کہ ہم نے بلاول کو کے پی میں جلسوں سے نہیں روکا لیکن ہمیں سیہون میں جلسے سے روکا گیا عمران خان نے کہا کہ سندھ اور پنجاب میں ہماری جماعت کے لوگوں پر ایف آئی آرز کٹوائی گئیں۔ ہم نے کسی سیاسی مخالف پر ایک پرچہ نہیں کٹوایا۔ میں نے کسی بینک سے قرض نہیں لیا۔ کوئی درجہ چہارم کا ملازم بھی کے پی میں خود نہیں رکھوایا۔ کوئی کارخانہ نہیں لگایا۔ عمران خان نے سیہون والوں سے کہا کہ ہمیں حکومت ملی تو میں ہر کمزور طبقے کے ساتھ کھڑا ہوں گا ،عمران خان نے کہا کہ ہم سب نے مل کر کرپٹ لوگوں کو شکست دینی ہے، 21 سال سے عوام کو روٹی، کپرا اور مکان کے نام پر دھوکا دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق چیئرمین نیب کے مطابق ایک دن میں 12ارب روپے کی کرپشن ہوتی ہے، کرپشن کی وجہ سے ہرچیز پرٹیکس لگایا جاتا ہے، اگر یہ کرپشن روک لیں تو ملک کو قرضہ نہ لینا پڑے اور ایف بی آر اور نیب کو جس دن ٹھیک کر لیا ملک چلانے کے لیے ہمارے پاس پیسہ ہوگا۔عمران خان نے کہا کہ روٹی، کپڑا، مکان اور ایشین ٹائیگر کے نام پر ہمیں دھوکا دیا گیا، لیکن اب ہم نے مل کر اس کرپٹ مافیا کا مقابلہ کرنا ہے، نوازشریف کی وکٹ تو گرگئی اور اب زرداری کی باری ہے جبکہ کرپٹ کہنے پر زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور نے مجھ پر ایک ایک ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ کیا ہے۔انہوں نے آصف زرداری سے متعلق عزیر بلوچ کی جے آئی ٹی رپورٹ عام کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عزیر بلوچ نے خود کہا کہ زرداری کے کہنے پر لوگوں کو قتل کیا، کراچی میں بلاول ہاوس کے اطراف لوگوں کو ڈرا کر زرداری کے لیے سستے داموں زمینیں خریدیں اور ہر ماہ ایک کروڑ روپے بھتہ فریال تالپور کو دیتا تھا۔عمران خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پہلی بار حکومت ملی اور وہ آج سب سے پر امن صوبہ ہے، سرکاری اسکولز میں آج 100فیصد اساتذہ ہیں، سرکاری اسپتالوں کو ٹھیک کیا، پچھلے 4 سال میں 50 فیصدغربت کم ہوئی اور کسی کو سفارش پر بھرتی نہیں کیا ،جبکہ سندھ کے لوگوں سے میرا وعدہ ہے کہ ہر کمزور طبقے کے ساتھ میں کھڑا ہوں گا، سندھ پولیس کو بھی ٹھیک کرکے دکھائیں گے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں