میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
پیرپگارا کی قیادت میں پیپلزپارٹی کے خلاف مورچہ، 26نومبر کو سکھر میں جلسے کا اعلان

پیرپگارا کی قیادت میں پیپلزپارٹی کے خلاف مورچہ، 26نومبر کو سکھر میں جلسے کا اعلان

ویب ڈیسک
پیر, ۲۳ اکتوبر ۲۰۱۷

شیئر کریں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس (جی ڈی اے) نے 26 نومبرکو سندھ حکومت کی کرپشن کے خلاف سکھر میں جلسہ عام کا اعلان کیا ہے۔ پیر صاحب پگارا نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی 9 سالہ کارکردگی کیا رہی، عوام کو بتائیں گے۔ اتوار کو پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ اور حروں کے روحانی پیشوا پیر صبغت اللہ شاہ راشدی المعروف پیر پگارا کی صدارت میں کنگری ہائوس میں جی ڈی اے کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی مخالف جماعتوں کے ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس میں پیر صدر الدین شاہ راشدی، ممتاز بھٹو، غلام مرتضیٰ جتوئی، سید غوث علی شاہ، ارباب غلام رحیم، ایاز لطیف پلیجو، صفدر عباسی، سردار عبدالرحیم، غوث بخش مہر، سینیٹر مظفر حسین شاہ، عبدالکریم شیخ، حاجی شفیع جاموٹ، عرفان اللہ مروت اور دیگر شریک ہوئے۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی کے منحرف رہنما ڈاکٹر ذوالفقار مرزا، ان کے بیٹے رکن سندھ اسمبلی حسنین مرزا نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں 26 نومبر کو سکھر میں ہونے والے جی ڈی اے کے جلسے سے متعلق حکمت عملی پر غور کیا گیا جبکہ جی ڈی اے میں مزید ہم خیال سیاسی جماعتوں کو شامل کرنے اور سیاسی جماعتوں سے رابطے کرنے پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس میں صوبے میں خراب طرز حکمرانی، امن وامان، کرپشن سمیت دیگر اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پیر پگارا نے کہا کہ موجودہ سیاسی صورت حال پر 26 نومبر کو سکھر میں جلسہ منعقد کیا جائے گا جس میں پیپلز پارٹی کی 9 سالہ کارکردگی پر بات چیت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جلسے میں جی ڈی اے کے تمام رہنما شرکت کریں گے۔ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے جنرل سیکریٹری ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ جی ڈی اے کو پیر پگارا کی سربراہی میں الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ کرایا جائے گا۔ اجلاس میں ایک کوآرڈی نیشن کمیٹی بنائی گئی ہے، جو دیگر ہم خیال جماعتوں سے رابطے کرکے انہیں جی ڈی اے میں شمولیت کی دعوت دے گی۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے کہا کہ جی ڈی اے سندھ کے مظلوم لوگوں کو حق دلوائے گی۔ سندھ کو ٹکڑے ٹکڑے کرکے بیچا جارہا ہے۔ جو سندھ ماں دھرتی کو ٹکڑے ٹکڑے کرے وہ کوئی بھی ہو، وہ ہماری ماں کو بیچ رہا ہے۔ ہم اس کے خلاف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام آئندہ انتخابات میں اپنے ضمیر کے تحت ووٹ دیں گے۔ ووٹ اگر پیسوں پر ملتا تو زرداری لیگ بدین سے جیت جاتی۔ سندھ کے لوگوں سے امید ہے کہ وہ ہمیں ووٹ دیں گے۔ صفدر عباسی نے کہا کہ آصف علی زرداری کا پیپلز پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ زرداری پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کا صدر ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں