میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
حکومت تعلیمی ادارے بند رکھنے پر بضد،سندھ میں تعلیم بچاؤ تحریک شروع

حکومت تعلیمی ادارے بند رکھنے پر بضد،سندھ میں تعلیم بچاؤ تحریک شروع

ویب ڈیسک
پیر, ۲۳ اگست ۲۰۲۱

شیئر کریں

کراچی کے تعلیمی اداروں کے ساتھ سندھ حکومت کے سلوک پر شہر بھر میں غم وغصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔ سندھ حکومت کی جانب سے یکطرفہ اور انتہائی عامیانہ فیصلوں نے تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کو بھی احتجاج پر مجبور کردیا۔ مگر کراچی اور سندھ کی دیگر جماعتوں نے اس اہم ترین موضوع پر سفاکانہ خاموشی اختیار کررکھی ہے۔ کراچی میں بازاروں اور دکانوں سمیت مخصوص صدصنعتی شعبوں کو مکمل کھولنے کے باوجود سندھ حکومت نے تعلیمی شعبوں کو نہ کھولنے کے حوالے سے مجرمانہ سرد مہری اختیار کررکھی ہے۔ دنیا بھر میں تعلیمی اداروں کے حوالے سے کورونا وبا کی موجودگی کے باوجود نسبتاً ڈھیلی ڈھالی پالیسی رکھی گئی ہے۔مختلف تحقیقی مطالعوں سے بھی یہ واضح ہو چکا ہے کہ بچے کورونا وبا سے بہت کم متاثر ہوتے ہیں ۔ چنانچہ اسکولوں پر دیگر بندشوں کی مانند کم سے کم پابندیاں عائد کی گئی ہیں ۔ مگر سندھ میں مراد علی شاہ سرکار نے اس حوالے سے نہایت سرد مہری کا رویہ رکھا ہے۔ جس نے نہ صرف تعلیمی اداروں کی انتظامیہ بلکہ زیرتعلیم بچوں کے والدین کو بھی غضب ناک کردیا ہے۔چنانچہ پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن نے حکومت سندھ کے فیصلے کے خلاف’’ تعلیم بچاؤ تحریک‘‘کا آغاز کردیا ہے۔ اس سلسلے میں پہلے مرحلے پر آج ( 23؍ اگست) بروز پیر کو آؤٹ ڈور تعلیم دینے کا سلسلہ شروع کیا جارہا ہے۔ اس ضمن میں آوٹ ڈور کلاسز کا پہلا بڑا اجتماعی مظاہرہ کے ڈی اے چورنگی پر کیا جارہا ہے۔ جہاں نجی اداروں سے تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کو کھلے عام اساتذہ تعلیم دیں گے۔ اس ضمن میں آل پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا فیصلہ فہم سے بالا ہے ۔ کیونکہ 9؍ محرم کو ایک اجلاس میں سندھ کے دووزراء وزیر صحت عذرا پیچو ہواور وزیر تعلیم سردار علی شاہ نے اُنہیں یقین دلایا تھا کہ تعلیمی اداروںکو کھولنے کا فیصلہ تبدیل نہیں ہوگا۔ مگر اچانک یوم عاشور کے بعد مراد علی شاہ نے تعلیمی اداروں کو کھلنے سے پہلے ہی غیر معینہ مدت تک کے لیے بند کردیا۔ پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کی جانب سے تعلیم بچاؤ تحریک کے آغاز کے ساتھ ہی سندھ حکومت نے بجائے معاملہ فہمی کے انتہائی جابرانہ طور پر اسکولز انتظامیہ کو دھمکانے کا عمل شروع کردیاہے۔ اس حوالے سے ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ اسکولز نے تمام پرنسپلز کو متنبہ کرتے ہوئے ایک مراسلہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کورونا کی وبائی صورتحال کے پیش نظر تاحکم ثانی اسکول بند رکھنے کے حکومتی اعلان کے برخلاف تدریسی عمل جاری رکھنے والے نجی اسکولوں کی رجسٹریشن منسوخ کر دی جائے گی۔ہدایات میں کہا گیا ہے کہ نجی اسکول انتظامیہ اساتذہ اور عملے کی ویکسی نیشن مکمل کرائیں، تمام نجی اسکول تعلیمی ادارے کھولنے سے قبل ایس او پیز پر عمل درآمد کے انتظامات مکمل کریں، محکمہ تعلیم سندھ کے فیصلے کے مطابق نجی تعلیمی ادارے تاحکم ثانی بند رہیں گے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں