کے ایم سی انجینئرنگ میں طاقتور سسٹم کے انوکھے کارنامے
شیئر کریں
نارتھ ناظم آباد یو سی 10میں بغیر ترقیاتی کام کے اے ڈی پی اسکیموں کی کنٹریکٹرز کو ادائیگی
سندھ لوکل گورنمنٹ کمیشن، مشیر مالیات کے ایم سی ، ڈائریکٹر جنرل انجینئرنگ کو خطوط ارسال
کے ایم سی انجینئرنگ میں طاقتور سسٹم کے انوکھے کارنامے ، منتخب نمائندے کی نشاندہی اور جدوجہد رائیگاں ،کے ایم سی انجینئرنگ نے نارتھ ناظم آباد یو سی 10میں بغیر ترقیاتی کام کے دو دو کروڑ روپے مالیت کے اے ڈی پی اسکیموں کی کنٹریکٹرز کو ادائیگی کردی۔ علاقہ مکینوں میں اشتعال پھیل گیا۔ نارتھ ناظم آباد یو سی 10کے جنرل کونسلر سعید انور نے سندھ لوکل گورنمنٹ کمیشن، مشیر مالیات کے ایم سی اور ڈائریکٹر جنرل انجینئرنگ کو خطوط ارسال کیے تھے جس میں کہا گیا تھا کہ ان کے علاقے میں ترقیاتی کاموں کے لیے مختص اے ڈی پی نمبر 405تا 415میں سے کچھ پر ادھورااور ناقص کام کیا گیا ہے جبکہ کچھ اسکیموں پر سرے سے کام شروع ہی نہیں کیا گیا۔ اعلیٰ حکام ان اسکیموں کی ادائیگی روکیں اور مکمل چھان بین کرکے قانونی کارروائی عمل میں لائیں ۔ جنرل کونسلر سعید قریشی نے کا کہنا ہے کہ کے ایم سی انجینئرنگ کے طاقتور سسٹم کے آگے کے ایم سی کے حکام بالا بے بس ہیں۔ ہماری نشاندہی کی کوششوں کے باوجود سسٹم کے لاڈلے ٹھیکیداروں کو بغیر ترقیاتی کاموں کے مکمل ادائیگی کردی گئی ہے جس سے علاقہ مکینوں میں اشتعال پایا جاتا ہے۔(نمائندہ جرأت)


