میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
را کی دہشت گردی کا ثبوت ، آڈیو کلپ

را کی دہشت گردی کا ثبوت ، آڈیو کلپ

ویب ڈیسک
جمعه, ۲۳ مئی ۲۰۲۵

شیئر کریں

ریاض احمدچودھری

پاکستان میں دہشت گردی کرنے والے خوارج کی سرپرستی بھارت کی جانب سے کی جا رہی ہے۔ آڈیو کلپ میں بدنام زمانہ خفیہ ایجنسی را کا دہشت گردی کے لیے کردار ثابت ہوگیا۔بھارت ہمیشہ سے خوارج کا ایک بڑا سرپرست رہا ہے، جو انہیں اسٹریٹیجک رہنمائی، مالی اور مادی مدد فراہم کرتا ہے تاکہ وہ پاکستان میں اپنے ایجنٹوں کے ذریعے بدامنی اور پرتشدد کارروائیاں کریں۔ پاکستان نے بھارتی خفیہ ایجنسی ”را”کے ملک میں دہشت گردی میں ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد بارہا پیش کیے ہیں۔خوارج گروہوں کے درمیان ہونیو الی حالیہ گفتگو نے ایک بار پھر ”را”کی جانب سے دہشتگرد گروہوں کی سرپرستی کو بے نقاب کر دیا ہے، جنہیں پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔اس گفتگو میں افغانستان میں موجود ایک خارجی (عرف ”انس”) ، شمالی وزیرستان میں موجود اپنے دوسرے دہشتگرد ساتھی (عرف ”ابوذَر”) کو یہ بتا رہا ہے کہ ایک بھارتی RAW ایجنٹ کے کہنے پر خوارج نے پہلے سے اعلان شدہ دہشتگرد گروہ کا نام تبدیل کرنے کافی فیصلہ کیا ہے۔مذکورہ گروہ ”تحریک طالبان غزوہ ہند”کہلایا جاتا تھا، مگر اس کا نام بھارت مخالف ہونے کے باعث را (RAW) ایجنٹس نے اسے بدلنے کا کہا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ مارچ 2025 میں ”انقلابِ اسلامی پاکستان (میڈیا سیل ـ صدائے غزو ہند)” کے نام سے ایک نیا گروہ سامنے آیا، جسے اپریل 2025 میں بھارتی را کے ہینڈلر کی ہدایت پر ”اتحاد المجاہدین پاکستان ” کا نام دے دیا گیا۔اس گفتگو میں خوارج اسنائپر ہتھیاروں اور دیگر سازوسامان کی دستیابی پر بھی بات کرتے ہیں تاکہ سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا جا سکے۔پاک فوج کے ترجمان کا کہنا ہے بھارت خطے، خاص طور پر پاکستان میں دہشتگردی کی سرپرستی کر رہا ہے۔ پاک بھارت تناؤ کو سمجھنے کے لیے اس کا پس منظر جاننا بہت ضروری ہے، بھارت خطے، خاص طور پر پاکستان میں دہشتگردی کی سرپرستی کر رہا ہے، بھارت پاکستان میں جاری دہشت گردی کا اصل سرپرست ہے، چاہے وہ خوارج ہوں یا بلوچستان میں سرگرم دہشت گرد گروہ۔
بھارت حقیقت چھپانے کے لیے جھوٹے بیانیے کے پیچھے چھپ رہا ہے، پہلگام واقعے کے چند منٹ بعد بھارتی میڈیا نے پاکستان کو الزام لگانا شروع کر دیا۔ ترجمان بھارتی وزارت خارجہ نے دو دن بعد تسلیم کیا کہ تفتیش ابھی جاری ہے، بغیر تفتیش اور شواہد کے الزامات لگانا کہاں کی دانشمندی ہے؟ پاکستان نے کہا ثبوت ہے تو غیرجانبدار ادارے کو دیں، ہم تعاون کے لیے تیار ہیں، بھارت نے اس منطقی پیشکش کو رد کر دیا، بھارت نے یکطرفہ کارروائی میں ہماری مساجد پر میزائل داغے، بھارت نے بچوں، خواتین اور بزرگوں کو شہید کیا۔ افواجِ پاکستان کو ملکی خودمختاری اور سرحدوں کے تحفظ کی مقدس ذمہ داری دی گئی ہے، ہم نے یہ ذمہ داری پوری کی اور ہر قیمت پر کریں گے، پاکستان نے بالغ نظری سے کام لیتے ہوئے بھارت کو فوری، سخت اور مؤثر جواب دیا، پاکستانی جواب سے دشمن کو حقیقت کا سامنا کرنا پڑا۔
6 اور 7 مئی کی رات کو بھارت نے حملہ کیا، میزائل فائر کیے، جس کے بعد ہماری فضائیہ نے ان کے 5 طیارے مار گرائے، قوم اور افواجِ پاکستان ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑی ہو گئیں۔ دشمن نے ہمیں ڈرانے کے لیے 9 اور 10 مئی کی شب مزید میزائل داغے، بھارت بھول گیا کہ پاکستان کی قوم اور افواج نہ کبھی جھکتی ہیں، نہ جھکائی جا سکتی ہیں۔ 10 مئی کی صبح ہم نے جواب دیا، ہم نے ذمہ داری اور احتیاط سے صرف ان کے فوجی اہداف کو نشانہ بنایا، ہم نے ایک بھی شہری ہدف کو نقصان نہیں پہنچایا، یہ ایک مناسب، منصفانہ اور متوازن جواب تھا۔بھارتی وزارتِ دفاع کے ترجمان نے خود آ کر جنگ بندی کی درخواست کی، ہم امن اور استحکام کے خواہاں ہیں، تو ہم نے کہا کہ کیوں نہیں؟ ہماری سفارتی کور نے فہم و فراست سے غیر معمولی انداز میں عالمی برادری کو انگیج کیا، ہم پْرتشدد نہیں، ایک سنجیدہ قوم ہیں، ہماری پہلی ترجیح امن ہے، امریکا جیسی بڑی اور سمجھدار طاقتیں بہتر سمجھتی ہیں پاکستانی عوام کا جذبہ کیا ہے۔
یہ ثبوت واضح طور پر اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ ”را”کو خوارج دہشتگرد گروہوں پر بڑا اثر و رسوخ حاصل ہے۔ ان دہشتگردوں کو افغانستان کے ذریعے پاکستان میں بدامنی اور دہشت پھیلانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے تاکہ مالی فوائد حاصل کیے جا سکیں جب کہ مذہب کا استعمال صرف دھوکا دینے کے لیے کیا جاتا ہے۔حقیقت یہ ہے کہ ”را”نہ صرف خوارج کو مالی اور مادی امداد فراہم کرتی ہے بلکہ عملی طور پر ان کی رہنمائی کرتی ہے اور ان کے کردار و اہداف بھی خود متعین کرتی ہے۔صرف جعفر ایکسپریس ہی نہیں پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے ہر سانحہ کے ماسٹر مائنڈز امریکہ، بھارت اور اسرائیل کی ناپاک تثلیث ہے۔ پاکستان میں ہونے والے دہشت گردی واقعات کے ٹھوس شواہد حکومت کے پاس موجود ہیں تو اْنہیں اقوامِ متحدہ اور عالمی عدالتِ انصاف میں جانا چاہیے۔ یہ امر اب پورے خطہ اور دْنیا پر عیاں ہے کہ بھارت اور اسرائیل امریکی سرپرستی میں جنگ، نسل کْشی اور بے گناہ نہتے انسانوں کے قتلِ عام کا مکروہ کھیل کھیل رہے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں